مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی کی شہر آفاق تفسیرتفہیم القرآن (ہندی) اب موبائل پر بھی دسیتاب
مرکز جماعت اسلامی ہند میں امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی اور دیگر شخصیات کی موجودگی میں موبائل ایپ کا اجرا
![](https://dawatnews.net/wp-content/uploads/2024/12/Tafheemul.jpg)
نئی دہلی ،26 دسمبر :۔
مولاناسید ابوالاعلیٰ مودودی کی شہر آفاق قرآن کی تفسیر تفہیم القرآن یوں تو دنیا بھر کی زبانوں میں دستیاب ہے۔ایک دنیا اس سے مستفید ہو رہی ہے لیکن موجودہ ٹکنا لوجی اور انٹر نٹ کے دور میں اب تفہیم القرآن ہندی میں موبائل استعمال کرنے والوں تک بھی آسانی سے دستیاب ہوگی ۔مرکز جماعت اسلامی ہند میں امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی کی موجودگی میں ہندی ایپ کا اجرا آج عمل میں آیا۔
ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی کی اطلاع کے مطابق مرکز جماعت اسلامی ہند کے شوریٰ ہال میں مولانا سید ابو الاعلی مودودی رحمہ اللہ کی مشہور تفسیر تفہیم القرآن کے ہندی ترجمہ کے ایپ کے اجرا کی تقریب جناب سید سعادت اللہ حسینی امیر جماعت اسلامی ہند کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ یہ کام جماعت اسلامی ہند کے ادارہ ‘اسلامی ساہتیہ ٹرسٹ’ کے ذریعے انجام دیا گیا ہے۔
تعارفی تقریب کی ابتدا میں ٹرسٹ کے سکریٹری جناب وارث حسین نے تعارفی کلمات پیش کیے ۔ امیر جماعت اور دیگر ذمے داروں نے اس کے پوسٹر کا اجرا کیا ۔ پھر امیر جماعت نے اس کے لنک پر کلک کرکے ایپ کا اجرا کیا ۔ اس کے بعد جناب یوسف امین نے ، جنھوں نے یہ ایپ تیار کی ہے ، اس کے تمام فیچرس کا تعارف کرایا ۔
اس ایپ میں پورے قرآن مجید کی تلاوت ، اس کا ہندی ترجمہ اور تفہیم القرآن کا ترجمہ شامل کیا گیا ہے ۔ترجمہ اور تفسیر دونوں پڑھے جاسکتے ہیں ، البتہ سننے کا آپشن صرف ترجمے کا ہے -تفہیم القرآن کے ہندی ترجمے کی خدمت مولانا نسیم احمد غازی فلاحی نے انجام دی ہے ۔ اس موقع پر انھوں نے بھی اظہارِ خیال کیا ۔ انھوں نے بتایا کہ ترجمے کے کام میں 12 برس لگے۔ ترجمے کے ساتھ قرآنی اصطلاحات کی مختصر تشریح اور احادیثِ نبوی کے حوالے بھی شامل کیے گئے ہیں۔
اس تقریب میں مولانا انیس الرحمٰن قاسمی سابق ناظم امارت شرعیہ بہار و نائب صدر آل انڈیا ملّی کونسل بھی شریک ہوئے – انھوں نے ترجمے کے کام کی نزاکت کی جانب توجہ دلائی اور مولانا مودودی کے ترجمے کی اہمیت اور مقبولیت کا تذکرہ کیا ۔
جناب ملک معتصم خاں نائب امیر جماعت نے بھی اس کام پر خوشی کا اظہار کیا اور ٹرسٹ کے ذمے داروں کو مبارک باد پیش کی۔ ٹرسٹ کے چیئرمین جناب فرحت حسین نے بتایا کہ تلخیص تفہیم القرآن ، جسے مولانا صدر الدین اصلاحی نے تیار کیا تھا ، اس کا ہندی ترجمہ مولانا کوثر یزدانی ندوی نے کیا تھا ، اسے بھی اس ایپ میں شامل کردیا گیا ہے ۔ انھوں نے فرمایا کہ ٹرسٹ نے دینی کتابوں کو بھی ڈیجیٹل شکل میں لانے کا منصوبہ بنایا ہے –
آخر میں محترم امیر جماعت نے صدارتی کلمات پیش کیے – انھوں نے ٹرسٹ کے ذمے داروں اور ایپ ڈیولپ کرنے والے نوجوان یوسف امین کو مبارک باد دی ۔ انھوں نے کہا کہ مولانا مودودی نے تفسیر لکھنے میں بہت محنت کی ہے۔ انھوں نے جرمن زبان سیکھی ، ہندو مت کی بنیادی کتابوں کا باریکی سے مطالعہ کیا اور پوری تحقیق کے ساتھ تفسیر لکھی۔ انھوں نے فرمایا کہ الحمد للہ اسلامی ساہتیہ ٹرسٹ کے ذریعے یہ بہت اہم کام انجام پایا ہے – اب ہماری ذمے داری ہے کہ اسے زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی کوشش کریں ، تاکہ یہ نہ صرف مسلمانوں تک پہنچے ، بلکہ ہندی زبان جاننے والے ہر شخص تک اس کی رسائی ہو ۔
واضح رہے کہ اس ایپ کو Android اور IOS پر انسٹال کیا جاسکتا ہے۔ اسے Play Store میں جاکر Tafheemul Quran Hindi ٹائپ کرکے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے اور آسانی سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔