عصمت دری کے الزام میں ماروتی بابا ’کھتا واچک‘ گرفتار

آگرہ ،14جون :۔

اتر پردیش کے آگرہ میں پولیس نے ماروتی بابا نامی ایک ’کتھا واچک‘ کو عصمت دری کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ یہ معاملہ ٹرانس یمنا پولیس اسٹیشن کا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ورنداون کا رہنے والا کتھا واچک ملزم 28 مئی 2023 کو اپنی شاگردہ کے گھر آیا تھا۔ و خاتون ٹرانس یمنا کالونی میں کرائے پر رہتی تھی۔ اس دن خاتون کا شوہر شراب پی کر گھر آیا تھا جس کی وجہ سے خاتون نے بابا کو وہیں روک لیا تھا۔ رات میں خاتون کے ساتھ بابا نے جنسی زیادتی کی۔

رپورٹ کے مطابق خاتون معذور ہے۔ صبح خاتون نے اپنے شوہر کو جنسی زیادتی کے واقعے سے مطلع کیا اور شوہر نے بدنامی کا حوالہ دے کر اسے خاموش کرا دیا۔ کچھ دنوں کے بعد کتھا واچک بابا نے ویڈیو بنا لینے کی بات کرتے ہوئے اسے دھمکی دینے لگا۔ بابا نے خاتون کو اس کے بعد کئی مقامات پر بلایا۔ خاتون نے اس سلسلے میں پولیس سے شکایت کی۔ کئی ماہ تک تھانے میں کوئی کارروائی نہ ہونے پر بالآخر خاتون نے عدالت سے انصاف کی گہار لگائی۔ عدالت کے حکم پر خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمے میں کتھاواچک ماروتی بابا اور اس کے ایک شاگرد کو ملزم بنایا گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں ماروتی بابا کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسرا ملزم شاگرد فی الوقت فرار ہے۔