عالمی کپ فائنل کے دوران میدان میں فلسطین حامی نوجوان کا مظاہرہ
فلسطین کے جھنڈے والا ماسک اور ٹی شرٹ پہناہواتھا نوجوان، ٹی شرٹ پر بمباری بند کرنے کی اپیل تحریر تھی
احمد آباد ،19 نومبر :۔
کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل میچ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔اس دوران ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جسے پوری دنیا نے دیکھا۔سخت سیکورٹی میں ہونے والے میچ کےد رمیان فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک فلسطین حامی کرکٹ شائق نے احتجاج درج کرایا ہے ۔
میچ کے دوران14ویں اوور میں ایک فلسطینی حامی نوجوان میدان میں داخل ہوگیا۔ اس دوران فلسطینی سپورٹر نے وراٹ کوہلی کو گلے لگا لیا۔ نوجوان نے ہاتھوں میں فلسطین کا جھنڈا پکڑا ہوا تھا اور چہرے پر ماسک پہنا ہوا تھا۔ماسک اور ٹی شرٹ پر فلسطین کے جھنڈے بنے ہوئے تھے اور اس پر فری فلسطین تحریر درج تھی۔اس کے علاوہ بمباری بند کرنے کی اپیل بھی تحریر تھی۔
فلسطین حامی نوجوان پچ تک پہنچ گیا تھا جس کے باعث کھیل کو کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔ بعد ازاں گراؤنڈ سٹاف اسے میدان سے باہر لے گیا۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق ’ایک غیر متعلقہ شخص گراؤنڈ میں آ گیا۔ اس کے بعد چند لمحوں کے لیے میچ روک دیا گیا۔ گراؤنڈ میں داخل ہونے والے شخص نے فلسطین کے جھنڈے والا ماسک پہنا ہوا تھا اور اس کی شرٹ پر انگریزی میں ’اسٹاپ بمبنگ فلسطین‘ یعنی ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کی عبارت درج تھی۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ شخص انڈین کپتان وراٹ کوہلی کے بہت قریب کھڑا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شخص نے وراٹ کوہلی کو گلے بھی لگایا۔ اس کے بعد چند ہی لمحوں میں فلسطین کے حامی تماشائی کو پولیس اور سکیورٹی اہلکار اپنی تحویل میں لے کر گراؤنڈ سے باہر لے گئے۔