2008 دھماکہ کیس: سپریم کورٹ نے عبدالناصر مدنی کی ضمانت کی شرائط میں نرمی کی،کیرالہ کے آبائی شہر میں رہنے کی اجازت  

نئی دہلی ،17جولائی :۔

سپریم کورٹ نے پیر کو 2008 کے بنگلورو دھماکہ کیس کے ملزم عبدالناصر مدنی کی ضمانت کی شرائط میں نرمی کرتے ہوئے اسے کیرالہ میں اپنے آبائی شہر میں سفر کرنے اور رہنے کی اجازت دی۔ 11.07.2014 کو سپریم کورٹ کی طرف سے عائد ضمانت کی شرائط کے تحت، کیرالہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے صدر کو دھماکے کے کیس کی سماعت ختم ہونے تک بنگلورو میں ہی رہنا تھا۔ مدنی کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ ختم ہو چکا ہے اور مدنی کے بنگلورو میں رہنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

لائیو لاء کی رپورٹ کے مطابق  سبل نے عدالت کے سامنے دلیل دی کہ وہ وہیل چیئر پر ہیں، ان کی ٹانگ کٹ گئی ہے، انہیں گردے کی پیوند کاری کرانی ہے۔ ان  کی والدہ کا انتقال ہوگیا، اب ان کے والد بیمار ہیں۔ مقدمہ ختم، بحث جاری ہے۔   بحث  میں دو سال لگیں گے۔ بہت سارے ملزم ہیں۔

جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس ایم ایم سندریش کی ایک ڈویژن بنچ نے پہلے عائد کی گئی ضمانت کی شرائط میں نرمی کرتے ہوئے انہیں کیرالہ کے کولم میں اپنے آبائی شہر میں رہنے کی اجازت دی۔ تاہم، انہیں ہر 15 دن بعد کولم کے قریبی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ کرنے کی ضرورت ہوگی  ۔

ریاست کرناٹک نے اس درخواست کی سخت مخالفت کی۔ جسٹس بوپنا نے ریاست کرناٹک کے وکیل سے پوچھا، "اگر ان کی موجودگی ضروری نہیں ہے تو پھر مسئلہ کیا ہے؟” ریاست کرناٹک کے وکیل نے کہا کہ بنگلورو میں بہتر طبی سہولیات ہیں، جس پر جسٹس بوپنا نے نرمی سے جواب دیا کہ وہاں کوئی آیورویدک علاج نہیں ہے۔ 17 اپریل کو سپریم کورٹ نے مدنی کی ضمانت کی شرائط میں نرمی کرتے ہوئے انہیں کیرالہ میں اپنے بیمار والدین سے 8 جولائی تک ملنے کی اجازت دی تھی۔

بنچ نے واضح کیا کہ مدنی کو کرناٹک پولس کے ذریعہ فراہم کئے جانے والے اسکارٹ کا خرچہ برداشت کرنا ہوگا۔ اس کے بعد، مدنی نے کرناٹک حکومت کے اس مطالبے کو چیلنج کرتے ہوئے ایک درخواست دائر کی   تاہم سپریم کورٹ نے اس درخواست کو مسترد کر دیا۔ سبل نے پچھلی سماعت کے دوران کہا تھا کہ انہیں اپنا سفر کم کرنا پڑا کیونکہ وہ ریاست کرناٹک کی طرف سے مانگے گئے سیکورٹی کور ڈپازٹ کے متحمل نہیں تھے۔ سبل نے عدالت کو بتایا کہ آخر کار مدنی اپنے بیمار والد سے ملنے سے قاصر رہے۔کیونکہ ان کی خود کی طبیعت خراب ہو گئی اور اسپتال میں داخل ہو گئے اور بغیر والد سے ملاقات کئے وقت ختم ہونے پر لوٹ آئے ۔

واضح رہے کہ پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے بانی رہنماعبد الناصر مدنی اور 31 دیگر کے خلاف 25 جولائی 2008 کو بنگلورو میں سلسلہ وار بم دھماکوں میں ملوث ہونے کے الزام میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں ایک شخص ہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے۔  تقریباً 9 سال جیل میں گزارنے کے بعد، وہ اگست 2007 میں تمام الزامات سے بری ہو گئے۔

تاہم، اگست 2010 میں، انہیں 2008 کے بنگلور دھماکے کے کیس کے سلسلے میں گرفتار کر کے بنگلور کی پراپنا اگرہارا سنٹرل جیل لے جایا گیا۔ جولائی 2014 میں،  عبد الناصر کو سپریم کورٹ نے طبی بنیادوں پر اس شرط پر ضمانت دی کہ وہ بنگلور نہیں چھوڑیں گے اور حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ وہ گواہوں کے ساتھ رابطے میں نہ رہیں، انہیں نگرانی میں رکھنے سمیت تمام اقدامات کی آزادی فراہم کی تھی۔آج کے کورٹ کے فیصلے سے عبد الناصر کو راحت ملی ہے ۔