یوکرین میں ہنگامی ڈیوٹی پر مامور ہیلی کاپٹر گر کر تباہ،سرکاری عہدیداروں اور بچوں سمیت18افراد ہلاک

زخمیوں کی تعداد 29،پندرہ بچے بھی شامل، پرواز بھرنے کے تھوڑی دیر بعد ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین  پر آ گیا

کیف،18جنوری:۔

یوکرین گزشتہ سال بھر سے جاری جنگی تباہی کا سامنا کر رہا ہے۔لوگ ہمہ وقت کسمپرسی اور خوف و ہراس کےد رمیان زندگی گزار رہے ہیں۔روس کے ساتھ جاری جنگ کی تباہی کے درمیان ان پر آج دوہری مصیبت آن پڑی ہے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق یوکرین کے شہر برووری میں ہنگامی ڈیوٹی پر مامور ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق  ایمرجنسی ریسکیو ہیلی کاپٹر میں وزیر داخلہ اور دو اہم سرکاری عہدیداروں سمیت 9 افراد سوار تھے  ۔

بتایا جا تا ہے کہ پرواز بھرنے کے تھوڑی دیر بعد ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین  پر آ گیا ۔ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد سمیت جہاں ہیلی کاپٹر گرا وہاں موجود مزید 7 افراد ہلاک ہوگئے۔جہاں یہ حادثہ پیش آیا وہاں   بڑی تعداد میں شہری اور بچے موجود تھے اس لیے حادثے میں 3 بچے بھی ہلاک ہوئے جب کہ 29 زخمیوں میں بھی 15 بچے شامل ہیں۔

ایسی بھی اطلاعات ہیں کہ ہیلی کاپٹر پہلے پرائمری اسکول سے ٹکرایا اور پھر نزدیکی عمارت کے قریب گر کر مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔تاحال ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے ۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔