12 یرغمالیوں کے بدلے مزید 30 فلسطینی خواتین اور بچے اسرائیلی قید سے رہا
تل ابیب،29نومبر
غزہ میں جنگ بندی کے پانچویں روز حماس نے 30 فلسطینی خواتین اور بچوں کی اسرائیلی قید سے رہائی کے بدلے میں 12 یرغمالیوں کو چھوڑ دیا جن میں سے 2، تھائی لینڈ کے شہری ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق حماس نے 10 اسرائیلی اور 2 تھائی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا جس کے بدلے میں 15 فلسطینی خواتین اور اتنے ہی بچے اسرائیلی قید سے آزاد ہوکر رام اللہ میں اپنے گھروں کو پہنچ گئے۔
رپورٹ کے مطابق حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ جن 10 اسرائیلی یرغمالیوں کو آزاد کیا ہے ان میں متعدد غیر ملکی این جی اوز کے لیے کام کرنے والے اسرائیلی بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ جنگ بندی کے پانچویں روز اسرائیلی جیلوں سے جن قیدیوں کو رہا گیا ہے ان میں خواتین اور بچے شامل ہیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اسرائیل نے کس طرح خواتین اور بچوں کو جنگی قیدی بناکر رکھا ہوا تھا۔
یہ وہ خواتین اور بچے تھے جنھیں جارحیت پسند اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے یا غزہ میں چھاپا مار کارروائیوں میں یا احتجاجی مظاہروں کے دوران بلاجواز گرفتار کیا تھا۔