یو پی ایس سی امتحان میں 51 مسلم امیدواروں کی کامیابی
نئی دہلی،17اپریل :۔
رواں سال یو پی ایس سی کے سول سروسز امتحان کا ریزلٹ گزشتہ روز اعلان کیا گیا ۔جس میں امید کے مطابق مسلم امیدواروں نے بھی گزشتہ برسوں کے مطابق زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔اور اس سال یو پی ایس سی کے سول سروسز امتحان کی میرٹ لسٹ میں 51 مسلم امیدواروں نے اپنی جگہ بنائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سال یوپی ایس سی امتحان 2023 میں مسلم امیدواروں کی کامیابی کے فیصد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کل ملا کر 1016 امیدوار کامیاب رہے ہیں جن میں سے امیدوار مسلم کا کامیابی کا فیصد 5 رہا ہے جو گزشتہ کچھ برس کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔ اس سے قبل 2019 میں 5.3 فیصد مسلم امیدوار سول سروسیز امتحان میں کامیاب ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ یو پی ایس سی کے 2022 کے امتحان میں 2529 امیدوار کامیاب ہوئے تھے، جن میں 83 مسلمان شامل تھے۔ ان میں سے 933 امیدواروں کو آئی اے ایس، آئی پی ایس، آئی ایف ایس، آئی آر ایس اور دیگر خدمات کے لیے منتخب کیا گیا، جن میں 30 مسلمان شامل تھے۔
اس امتحان میں یو پی کے آدتیہ سریواستو نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر بالترتیب انیمیش پردھان اور اننیا ریڈی ہیں۔ ٹاپ 10 میں ایک مسلم طالبہ نوشین (9 واں رینک) شامل ہیں۔ ٹاپ 100 میں 6 مسلم امیدوار ہیں۔ نوشین نے جنہوں نے نویں پوزیشن حاصل کی ہے، گورکھپور کی رہنے والی ہیں۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے گریجویشن کیا ہے۔ اس کے بعد نوشین نے جامعہ ملیہ اسلامیہ سے سوشل ورک میں پوسٹ گریجویشن کیا۔
اس کے علاوہ وردہ خان کو 18 واں رینک، ضوفشاں حق کو 34 واں رینک، فابی رشید کو 71 واں رینک اور منان بھٹ کو 88 واں رینک حاصل ہوا۔