یوگی حکومت نے 1978 کے سنبھل فسادات کی جانچ کا حکم دیا، ایک ہفتے میں رپورٹ  طلب

سنبھل کے مقامی مسلمانوں پر یوگی انتظامیہ کی مزید ستم کی تیاری،اتر پردیش محکمہ داخلہ نے دوبارہ جانچ کا حکم دیا

نئی دہلی،09 جنوری :۔

اتر پردیش کے سنبھل میں شاہی جامع مسجد کے سروے کے دوران تشدد کے بعد کشیدہ حالات اب تک معمول پر نہیں آ سکے ہیں۔حکومت کی جانب سے مقامی مسلمانوں کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ قدیم مندر کی دریافت کے بعد سنبھل کے مقامی مسلمانوں پر یوگی حکومت کی ستم میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔تازہ معاملہ اب سنبھل میں ہوئے1978 میں فسادات کی پھر سے جانچ کا حکم دیا گیا ہے۔  وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سنبھل پولیس کو کیس کی فائلوں کی دوبارہ جانچ کرنے اور ایک ہفتہ کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ داخلہ (پولیس) کے ڈپٹی سکریٹری کے ایک خط میں، ایک ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) کو انکوائری کی قیادت کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ تحقیقات میں مدد کے لیے، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ڈی ایم) سے مدد کے لیے ایک انتظامی افسر مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 7 جنوری کو، سنبھل کے ایس پی کے کے بشنوئی نے ضلع افسر ڈاکٹر راجندر پنسیا کو ایک خط بھیجا، جس میں انہیں یوپی قانون ساز کونسل کے رکن شری چندر شرما کی طرف سے 1978 کے فسادات کی تحقیقات کے مطالبے کے بارے میں مطلع کیا۔ خط میں اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ یوپی کے محکمہ داخلہ نے تحقیقات کی اجازت دی ہے۔

تحقیقات پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ سنبھل میں کارتک مہادیو مندر کے دوبارہ کھلنے کے بعد آیا ہے، جو 46 سالوں سے بند تھا۔ مندر کا دوبارہ کھلنا 24 نومبر 2024 کو شاہی جامع مسجد میں ایک سروے کے دوران ایک پرتشدد واقعہ کے بعد ہے۔ اس واقعہ نے 1978 کے فسادات میں دوبارہ دلچسپی پیدا کر دی ہے، اس علاقے سے نقل مکانی  کرنے والے سابق رہائشی اب انصاف اور مفاہمت کے لیے پر امید ہیں۔ تازہ تحقیقات کا مقصد 1978 کے تشدد کے واقعات پر روشنی ڈالنا، مجرموں کے لیے احتساب کو یقینی بنانا اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنا ہے۔