یوپی: 8 ووٹ ڈالنے والا بی جے پی کارکن کا بیٹا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار
اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رِنوا نے فرخ آباد کے حلقہ میں پیش آئےاس پولنگ پارٹی کے تمام ممبران کو معطل کرنے اور دوبارہ ووٹنگ کی سفارش کی
نئی دہلی ،20 مئی :۔
لوک سبھا 2024 کے لئے ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔پانچویں مرحلے کی آج ووٹنگ اختتام کو پہنچی ہیں دریں اثنا متعدد مقامات سے ووٹنگ مشینوں میں خرابی کی شکایت بھی موصول ہوئی ہیں جس پر الیکشن کمیشن نے کارروائی کی ہے۔دریں اثنا ووٹنگ کے دوران ایک حیرت انگیز واقعہ روشنی میں آیا ہے جس نے ہر شہری کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔بی جے پی کارکن کے ایک بیٹے کا ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں وہ ای وی ایم کے ذریعہ بی جے پی کے حق میں 8 ووٹ ڈالتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا اس پر اپوزیشن جماعتوں نے سوال کھڑے کئے اور الیکشن کمیشن سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اپنے ہینڈل سے اسے شیئر کرتے ہوئے سوال کھڑے کئے ۔اکھلیش یادو نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ بی جے پی کی بوتھ کمیٹی در اصل لوٹ کمیٹی ہے۔جس پر کارروائی کرتے ہوئے بی جے پی کارکن کے بیٹے کو پولیس نے اتوار کو گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رِنوا نے کہا کہ پولیس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک کارکن کے بیٹے کو اتوار کے روز گرفتار کیا جب ایک ویڈیو میں دکھایا گیا کہ نوجوان نے اتر پردیش کے فرخ آباد لوک سبھا حلقہ میں آٹھ بار بھگو ا پارٹی کو ووٹ دیا۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ بی جے پی جمہوریت کو لوٹنا چاہتی ہے۔
فرخ آباد سیٹ پر پولنگ 13 مئی کو ہوئی تھی۔ اتر پردیش کے چیف الیکشن افسر نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے پولنگ پارٹی کے تمام ممبران کو معطل کرنے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ رنوا نے یہ بھی کہا کہ پولنگ اسٹیشن میں دوبارہ پولنگ کی سفارش الیکشن کمیشن کو کی گئی ہے۔
رنوا نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "ویڈیو میں ایک سے زیادہ بار ووٹ ڈالنے والے شخص کی شناخت راجن سنگھ، ولد انیل سنگھ، ساکن گاؤں کھریا پامرن کے طور پر کی گئی ہے اور اسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔” انیل سنگھ کھری پامرن کے گرام پردھان اور بی جے پی کے رکن کا بیٹا ہے۔
راجن سنگھ کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 171F (انتخابات میں اثر و رسوخ یا شخصیت) اور 419 (شخصیت سے دھوکہ دہی کی سزا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 128 (ووٹ کی رازداری کو برقرار رکھنا)، 132 (پولنگ اسٹیشن پر بدانتظامی کی سزا) اور 136 (انتخابی جرم) کا بھی اطلاق کیا ہے۔
چیف الیکشن آفیسر نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے پولنگ پارٹی کے تمام ممبران کو معطل کرنے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ رنوا نے یہ بھی کہا کہ پولنگ اسٹیشن میں دوبارہ پولنگ کی سفارش الیکشن کمیشن کو کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا، "یو پی میں بقیہ مراحل کے تمام ضلعی انتخابی افسروں کو ووٹروں کی شناخت کے سلسلے میں سختی سے طریقہ کار پر عمل کرنے کی سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔