یوپی :یوگی حکومت کی کارستانی ،شراوستی میں سیکڑوں سال  قدیم  مزار شہید  

محکمہ جنگلات کے دفتر سامنے سیکڑوں سال سے واقع آستانہ حضرت بابا عبدالحئی شاہؒ کوضلع انتظامیہ فورس کی موجودگی میں منہدم کر دیا

نئی دہلی ،30جولائی :۔

اتر پردیش کی یوگی حکومت کے ذریعہ مزارات اور درگاہوں کے خلاف انہدامی کارروائی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ تازہ معاملہ  ضلع شراوستی کے ہیڈکوارٹر بھنگا کے تحت بھنگا -سرسیا روڈ پر بھنگا جنگل سے متصل محکمہ جنگلات کے دفتر سامنے سیکڑوں سال سے واقع آستانہ حضرت بابا عبدالحئی شاہؒ کوضلع انتظامیہ نے پی اے سی اور ایس ایس بی اہلکاروں کی موجودگی میں بلڈوزر چلواکر شہید کرا دیا ۔قدیم درگاہ کی انہدامی کارروائی کی خبر سے علاقائی باشندوں اور عقیدت مندوں میں شدید ناراضگی ہے ۔

واضح ہوکہ ضلع سدھارتھ نگر ،گونڈہ اور بستی کے علاقوں میں گزشتہ کئی ماہ سے مدارس کے خلاف ایک مہم شروع کی گئی ہے اور اس کے تحت سیکڑوں مدارس کو مقفل کر دیا گیا یا منہدم کر دیا گیا ہے ۔شراوستی میں سیکڑوں سال قدیم درگاہ کی انہدامی کارروائی کو بھی اسی مہم کا حصہ مانا جا رہا ہے ۔خیال رہے کہ  سپریم کورٹ کی ہدایات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے  یوپی حکومت مدارس کے خلاف انہدامی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ضلع انتظامیہ پولیس فورس ،پی اے سی اور ایس ایس بی کی موجودگی میں مدرسوں  اور آستانوں کو بلڈوزر کے ذریعہ مسمار کرا رہا ہے ۔

اطلاعات کے مطابق   اس سلسلے میں شراوستی کے ہیڈکوارٹر بھنگا میں بھنگا-سرسیا روڈ پر دہانہ میں واقع محکمہ جنگلات کے دفتر کے سامنے ایک اراضی   لکڑی کے ذخیرہ کیلئے مختص ہے۔ مذکورہ جگہ پر کچھ افراد نے ناجائز قبضہ کر کے عارضی اور مستقل تعمیراتی سرگرمیاں شروع کر دی تھیں جسے میونسپل بورڈ بھنگا نے روک دیا اور ناجائز قبضے ہٹانے کیلئے یکے بعد دیگرے متعدد نوٹس متعلقہ افراد کو بھجوائے لیکن ان کی جانب سے تجاوزات نہیں ہٹائی گئیں۔ ضلع انتظامیہ نے اس پر سنجیدگی  کا مظاہرہ کیا اور میونسپل بورڈ اور محکمہ ریونیو کے اہلکاروں کی مشترکہ ٹیم نے انسداد تجاوزات مہم کا آغاز کیا۔ اس مہم کے دوران ۲۹؍جولائی کو صبح نمودار ہونے سے قبل ۳؍بجے میونسپل بورڈ، پولیس فورس اور محکمہ ریو ینیو کی موجودگی میں مذکورہ گاٹا نمبر کی تمام غیر قانونی تعمیرات کو ۱۰؍بلڈوزر چلا کر مسمار کر دیا گیا۔اس دوران سیکڑوں سال پرانا حضرت بابا عبدالحئی شاہ ؒ کا مزارپر بھی بلڈوزر چلواکر مسمار کرا دیا گیا۔

ضلع مجسٹریٹ اجے کمار دویدی کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی سے نہ صرف سرکاری اراضی کو تجاوزات سے آزاد کرایا گیا ہے بلکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی غیر مجاز تعمیرات پر انتظامیہ کی زیرو ٹالرنس پالیسی کو بھی تقویت ملے گی۔