یوپی کے تمام مدارس میں این سی ای آر ٹی کا نصاب نافذ، مدرسہ شکشا پریشد نے جاری کیا حکم

لکھنؤ،03 اپریل :۔
اتر پردیش کےمدارس میں جاری تعلیمی نصاب پر ایک لمبے عرصے سے بحث جاری ہے۔اب این سی ای آر ٹی کے طرز پر مدارس میں بھی نصاب کو شامل کرنے کا فرمان آ گیا ہے۔ دارالحکومت لکھنؤ سمیت ریاست کے تمام مدارس میں نئے تعلیمی سیشن 2025-26 سے لاگو کر دیا گیا ہے۔ مدارس میں پڑھنے والے بچوں کو اس سیشن سے پہلی سے تیسری جماعت تک کی این سی ای آر ٹی کی کتابیں دی جائیں گی۔ اس سلسلے میں مدرسہ ایجوکیشن کونسل کی جانب سے حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔
اس سال سے بیسک ایجوکیشن کونسل کی طرز پر تمام مدارس میں بچوں کو این سی ای آر ٹی کی کتابیں دی جائیں گی۔ اس سلسلے میں مدرسہ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بنیادی تعلیم کا محکمہ اپنے اسکولوں میں این سی ای آر ٹی کے نصاب کو مرحلہ وار نافذ کر رہا ہے۔ اسی طرح این سی ای آر ٹی کا نصاب ریاست کے تسلیم شدہ سرکاری امداد یافتہ مدارس میں مرحلہ وار لاگو کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مدارس میں این سی ای آر ٹی نصاب کو نافذ کرنے کا مقصد قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت پرائمری سطح کی تعلیم میں یکسانیت لانا ہے۔ یہ نظام بنیادی تعلیم کی طرح مدارس میں بھی لاگو کیا جائے گا، رجسٹرار آر پی سنگھ نے کہا تعلیمی سیشن 2025-26 سے، مدارس میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کا نصاب لاگو ہوگا۔ اب جس طرح سرکاری اسکولوں میں پہلی سے تیسری جماعت تک این سی ای آر ٹی کا نصاب لاگو کیا گیا ہے، وہی نظام مدارس میں بھی لاگو کیا جارہا ہے۔