یوپی: کشی نگر میں نابالغ مسلم طالب علم کو بدمعاشوں نے بری طرح پیٹا، 4 گرفتار
نئی دہلی ،29 دسمبر :۔
اتر پردیش کی یوگی حکومت کا دعویٰ ہے کہ ریاست میں امن و امان ہے اور جرائم پیشہ افراد ریاست چھوڑ کر جا چکے ہیں یا جیل میں ہے لیکن حقیقت یوگی حکومت کے دعوےکے بر عکس ہے ۔تازہ معاملہ کشی نگر کا ہے جہاں کچھ غنڈوں نے ایک نابالغ مسلم طالب علم کی جم کر پٹائی کی ۔یہ واقعہ بتاتا ہے کہ غندوں اور بد معاشوں کے حوصلے کتنے بلند ہیں ۔ یہ واقعہ تو پرانا ہے گزشتہ 4 دسمبر کو پیش آیا لیکن اب اس واردات کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنی کارروائی شروع کی ہے ۔ وائرل ویڈیو میں 5-6 لڑکے ایک طالب علم کو بے دردی سے پیٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
انڈیا ٹو مارو کی رپورٹ کے مطابق معاملہ کشی نگر ضلع کے رام کولا تھانہ علاقہ کے تحت رام پور بھٹ کا ہے، جہاں 4 دسمبر کو کچھ بدمعاشوں نے متاثرہ طالب علم کو پہلے اغوا کیا اور پھر اسے ایک سنسان جگہ پر لے جا کر بری طرح زدوکوب کیا۔
ملزم بد معاشوں نے اس واقعہ کو ریکارڈ بھی کیا جس کا ویڈیو اب وائرل ہو رہا ہے۔ وائرل ویڈیو میں متاثرہ نابالغ طالب علم چیختا ہوا نظر آرہا ہے اور ملزم نوجوان اسے لگاتار پیٹ رہا ہے۔
متاثرہ طالب علم نے انڈیا ٹومارو کو بتایا کہ اسے ان نوجوانوں کی طرف سے دھمکیاں مل رہی ہیںاور بار بار اس پر سمجھوتہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
پولیس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی ہے اور 4 ملزمان کو گرفتار بھی کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ایس پی کشی نگر کا بیان سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے جس میں ملزم نوجوان کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں ملزم نوجوانوں کے نام درج ہیں: 1-نتن مدھیشیا، 2-آدتیہ سنگھ، 3-آرین سنگھ، 4-ارجن، 5-یوراج، 6-چندن، 7-چار نامعلوم ہیں۔ ان تمام ملزمان کے خلاف آئی پی سی 1860 کی دفعہ 147، 323، 504، 506، 342 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔حیران کن بات یہ ہے کہ غنڈوں نے نہ صرف اس واردات کو انجام دیا بلکہ اس کی ویڈیو بھی بنائی، جعلی اکاؤنٹ بنا کر وائرل کیا اور انتظامیہ کو کھلا چیلنج بھی دیا۔
متاثرہ کے والد کا کہنا تھا کہ پہلے انتظامیہ کی جانب سے ایف آئی آر درج نہیں کی جا رہی تھی لیکن کافی دباؤ کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزم فریقین مسلسل ان پر کیس میں سمجھوتہ کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ کشی نگر، یوپی میں غنڈوں کے ذریعہ ایک نابالغ مسلمان طالب علم کی وحشیانہ پٹائی کا یہ واقعہ اتر پردیش میں بڑھتے ہوئے جرائم کی عکاسی کرتا ہے جہاں مجرموں کے حوصلے بلند ہیں۔