یوپی: پولیس کی فائرنگ میں مسلم نوجوان ہلاک، دوست زخمی، گؤ کشی کا الزام
نئی دہلی ،20نومبر :۔
اترپردیش کے رام پور ضلع کے پٹوائی علاقے میں اتوار کو اترپردیش پولیس کی جانب سے فائرنگ میں ایک 23 سالہ مسلم نوجوان کی موت ہو گئی۔ جبکہ ایک دیگر مسلم نوجوان زخمی ہوگیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ دونوں ایک گائے کو ذبح کرنے جارہے تھے۔مقتول کی شناخت ساجد قریشی اور اس کے ساتھی کی شناخت ببلو (30) کے طور پر ہوئی ہے۔ببلو کو ٹانگ پر گولی لگی ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔ساجد اور ببلو مراد آباد کے رہنے والے ہیں۔
پولیس کے مطابق جب پولیس والوں نے مسلم نوجوانوں کو کار کو روکنے کو کہا تو انہوں نے گاڑی کو دوسری سمت دوڑایا اور انہوں نے اس کا پیچھا کیا۔ پولیس کے مطابق، ڈرائیور نے تیز رفتار گاڑی پر کنٹرول کھو دیا اور وہ سڑک کے کنارے ایک کھیت میں الٹ گئی۔ پولیس نے بتایا کہ کار میں بیٹھے دو افراد پھر باہر آئے اور ان پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی اور دونوں افراد کو گولی مار دی گئی۔
اتر پردیش پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ان دونوں کے پاس سے ایک کار، دو دیسی ساختہ ہتھیار، کارتوس، ایک الیکٹرانک وزنی مشین اور ذبح کرنے کے لیے استعمال ہونے والے ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔