یوپی پولیس کا عجب کارنامہ،روپیوں سے بھرا بیگ تھانے جمع کرانے گئے شخص کو ہی بنا دیا لٹیرا
گدا گنج ایس او نے نمبر بڑھانےکیلئےلوٹ کا ملزم قرار دے کر جیل بھیج دیا ،12 دنوں کے بعد کورٹ کی مداخلت اور جانچ کے بعد رہا ہوا
نئی دہلی ،08 ستمبر:
ان دنوں اتر پردیش پولیس عجیب و غریب کارنامے انجام دے رہی ہے۔سلطان پور میں منگیش یادو کو گھر سے اٹھا کر لے گئی اور رہزنی کے الزام میں انکاؤنٹر کر دیا گیا۔پروموشن اور ترقی کی بھوکی اتر پردیش پولیس کچھ بھی کارنامہ انجام دے سکتی ہے۔اس انکاؤنٹر پر سوالات اٹھ رہے ہیں ۔ دریں اثنا اتر پردیش کے بریلی ضلع سے بھی ایک حیران کرنے والا اور نا قابل یقین کارنامہ منظر عام پر آیا ہے جہاں پولیس نےپیسوں سے بھرا بیگ پہنچانے تھانےگئے شخص کو ہی لٹیرا قرار دے کر جیل میں ڈال دیا اور ایک ہفتے بعد چھوڑا ۔
رپورٹ کے مطابق معاملہ بریلی کے گدا گنج تھانہ علاقے کا ہے۔ گزشتہ 20 اگست کو یہاں جن سویدھا سینٹر چلانے والے روی چورسیا دکان بند کر جا رہے تھےے تبھی ان کے ساتھ لوٹ کی واردات ہو گئی ۔ بائک سوار بد معاش روی چورسیا کے ہاتھ سے بیگ چھین کر فرار ہو گئے جس میں آٹھ لاکھ روپے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ لٹیرے جلد بازی میں بیگ سڑک کے کنارے چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے ۔ بعد میں وہ بیگ دیپو نام کے ایک شخص کو ملا تھا۔ جسے اس نے کچھ لوگوں کے ساتھ تھانے میں جمع کرانے گیا تھا ۔تبھی گدا گنج ایس او راکیش چندر آنند نے پرموشن کی لالچ میں دیپو کو ہی لوٹ کا ملزم بنا دیا ۔
ایک ہفتے کے بعد جیل سے باہر آنے کے بعد دیپو نےمیڈیا کے سامنے اپنے ساتھ پیش آئے واقعہ کو بتایا ۔ دیپو نے بتایا کہ مجھے پولیس نے تھانے میں بیٹھا لیا اور دو دن بعد جنگل میں لے گئی اور میرا بیگ کے ساتھ ویڈیو بنا کر جیل بھیج دیا۔اس واقعہ کے بعد مقامی تاجروں میں غصہ تھا انہوں نے احتجاج کیا جس کے بعد اس کی جانچ کی گئی ۔
جانچ ڈل مئو ایس او پون سونکر کو سونپی گئی تھی ۔ پون سون کر نے معاملے کی جانچ کے بعد کورٹ میں دی گئی رپورٹ میں بتایاکہ دیپو ایک اچھے شہری کی طرح نیک نیت سے سڑک پر ملے روپے کے بیگ پولیس کے حوالے کرنے گیا تھا جہاں ایس او راکیش چندر آنند نے فرضی بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے اسے گرفتار کر کے لوٹ کے الزام میں 26 اگست کو جیل بھیج دیا تھا ۔ ہفتہ کو 12 دن بعد کورٹ نے تحقیقات کی بنیاد پر دیپو کو رہا کر دیا ہے۔