یوپی پولیس پیپر لیک : لکھنؤ میں امیدواروں کا احتجاج، دوبارہ امتحان کا مطالبہ
نئی دہلی، 23فروری :۔
اتر پردیش کی یوگی حکومت اگر چہ اپنے یہاں شفافیت کے دعوے کر رہی ہو اور صفر بد عنوانی کےدعوے کر رہے ہیں لیکن حقیقت کچھ ااور ہے ۔گزشتہ روز یوپی پولیس بھرتی کا امتحان عمل میں آیا بڑی تعداد میں امیدوار وں نے حصہ لیا ،اس کے لئے انہوں نے متعدد پریشانیوں کا سامنا کیا لیکن مایوسی انہیں اس وقت ہوئی جب عین امتحان سے قبل پیپر لیک ہو گیا ۔جس کی وجہ سے امیدواروں میں بڑی مایوسی ہے ۔ حالانکہ حکومت کی جانب سے مسلسل انکار کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اپنے مطالبات کو لے کر پیپر لیک ہونے کا الزام لگاتے ہوئے جمعہ کو لکھنؤ کے ایکو گارڈن میں ہزاروں امیدواروں نے مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ریکروٹمنٹ بورڈ کے خلاف نعرے لگائے اور دوبارہ امتحان لینے کا مطالبہ کیا۔ تمام مظاہرین نے ہاتھوں میں ہورڈنگز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ طلباء کے مستقبل کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ پیپر لیک نہ صرف ایک جگہ بلکہ کئی جگہوں پر ہوا ہے۔ احتجاج کرنے والے امیدواروں کا کہنا تھا، پرچے لیک ہوئے ہیں، ہم نے اس کے ثبوت بھی دیے ہیں۔ اس کی بنیاد پر دوبارہ امتحان لیا جائے، تاکہ محنت کر کے امتحان کی تیاری کرنے والوں کو موقع مل سکے۔‘‘
امیدوار وں نے الزام لگایا کہ پرچہ لیک ہوا ہے اور پرچہ ’بھنڈارے‘ کی طرح تقسیم کیا گیا ہے۔ جن لوگوں نے محنت کی اور 120 سوالات حل کیے ہیں وہ سمجھ گئے ہیں کہ پیپر لیک ہونے کی وجہ سے ان کی محنت رائیگاں گئی۔
اس سے پہلے اتر پردیش پولیس ریکروٹمنٹ اینڈ پروموشن بورڈ نے امیدواروں سے تحریری امتحان کے سوالیہ پرچے کے لیک ہونے سے متعلق ثبوت فراہم کرنے کو کہا۔
واضح رہے کہ اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر امیدواروں کے احتجاج کے ویڈیو بھی وائرل ہو رہے ہیں جس میں یو پی پولیس کے اہلکار مظاہرین کے خلاف طاقت کا بھی استعمال کر رہے ہیں ۔امیدواروں اور پولیس میں جھڑپ بھی ہو رہی ہے۔