یوپی سے جنگ زدہ  اسرائیل مزدور بھیجنے کے خلاف میمورنڈم

اتر پردیش اقلیتی کانگریس  نےگورنر کو بھیجامیمورینڈم ،  غیر انسانی عمل قرار دیتے ہوئے روکنے کا مطالبہ کیا

لکھنؤ,نئی دہلی،21 جنوری :۔

اس وقت اسرائیل اور غزہ میں  جنگ جاری ہے،گزشتہ تین ماہ کے زائد عرصہ سے اس جنگ میں بیس ہزار سے زائد غزہ میں اور اسرائیل میں بھی ہزاروں افراد کی موت ہو چکی ہے ،اس جنگ زدہ ملک میں کام کاج ٹھپ ہیں ،مزدوروں کی قلت کا سامنا ہے ۔ایسے  میں اسرائیل نے ہندوستان سے مزدوروں کو در آمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے  میں اتر پردیش سے بڑی تعداد میں مزدوروں کو اسرائیل بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہیں دریں اثنا اقلیتی کانگریس نے ریاست بھر سے یوپی کےگورنر کو ایک میمورنڈم بھیجا ہے جس میں ریاستی حکومت کی طرف سے جنگ زدہ اسرائیل میں مزدور بھیجنے کے عمل کو ملک دشمن اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے اسے روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اسرائیل نے ہندوستانی حکومت سے مزدور مانگے تھے۔ جس کے تحت یوگی حکومت ریاست سے دس ہزار مزدوروں کو اسرائیل بھیج رہی ہے۔

اقلیتی کانگریس کے ریاستی صدر شاہنواز عالم نے  ایک  ریلیز میں کہا کہ لکھنؤ، کانپور، مرادآباد، میرٹھ، سہارنپور، آگرہ، علی گڑھ، اعظم گڑھ، دیوی پٹن ڈویژن کے اضلاع نے گورنر کو میمورنڈم بھیجا ہے کہ وہ اپنے غریب لوگوں کو موت کے منہ میں دھکیلنے سے روکیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران بھارتی حکومت نے خصوصی طیارے کے ذریعے امیر بھارتیوں کو اسرائیل سے نکالا لیکن اب وہ ملک کے غریب لوگوں کو وہاں مزدوری کے لیے بھیج رہی ہے جب کہ جنگ پہلے سے زیادہ شدید ہو چکی ہے کیونکہ اب مزید ممالک بھی اس میں  شامل ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ شرمناک بات ہے کہ حکومت امیری اور غربت کی بنیاد پر اپنے ہی شہریوں کی جانوں کی قیمت لگا رہی ہے۔

شاہنواز عالم نے کہا کہ بھارت کے علاوہ اسرائیل نے دنیا کے کسی بھی ترقی پذیر ملک سے مزدوروں کا مطالبہ نہیں کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب باقی دنیا بھی جان چکی ہے کہ بھارت کی موجودہ حکومت اتنی شدید غربت لے کر آئی ہے کہ لوگ خطرہ مول لینے کو تیار ہیں۔  وہ اتنے مجبور ہو گئے ہیں کہ وہ اس ملک میں بھی کام کرنے پر مجبور ہیں جہاں ہر منٹ بم اور گولے گرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعہ نے ملک اور ریاست کے معاشی طاقت بننے کے بارے میں مودی اور یوگی کے دعوؤں کو بھی بے نقاب کر دیا ہے کیونکہ چین، امریکہ یا یورپی ممالک جن سے ہماری حکومتیں مقابلہ کرکے ہمیں عالمی لیڈر بنانا چاہتی ہیں، انہوں نے اپنے لوگوں کو  مزدوروں کے طور پر کام پر نہیں بھیجا   اور نہ ہی اسرائیل نے خود انہیں مزدوروں کے طور پر بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شاہنواز عالم نے کہا کہ اس سے یہ پیغام بھی جا رہا ہے کہ ہندوستان ایک بار پھر نوآبادیاتی دور کی غربت سے نبرد آزما ہے جب لوگ ویسٹ انڈیز اور ماریشس جایا کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت کو آر ایس ایس اور بی جے پی سے وابستہ اسرائیل نواز کارکنوں کو وہاں کام کرنے کے لئے بھیجنا چاہئے۔