یوپی حکومت کی حلال مصنوعات پر پابندی افسوسناک  : پروفیسر سلیم انجینئر

نئی دہلی ،26 نومبر :۔

جماعت اسلامی ہند  کے نائب صدر پروفیسر  محمد سلیم انجینئر نے کہا ہے کہ حلال  سرٹیفائڈ مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور فروخت پر یوپی حکومت کی کارروائی "انتہائی مضحکہ خیز اور افسوسناک” ہے۔

فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن (ایف ایس ڈی اے)، لکھنؤ نے 18 نومبر کو حلال  سرٹیفائیڈ مصنوعات پر پابندی کا حکم جاری کرنے کے بعد، ریاستی سرکاری ایجنسیوں نے ریاست بھر میں دکانوں اور مالز پر چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔

 

یوپی حکومت کی جانب سے حلال مصنوعات پر عائد پابندی کے حکم کے تحت حلال مصدقہ مصنوعات کی تیاری، ذخیرہ کرنے، فروخت اور خریداری پر پابندی ہوگی۔ حکومت کی طرف سے لگائی گئی اس پابندی کا تضاد یہ ہے کہ یہ حلال مصنوعات کی برآمد سے مستثنیٰ ہے۔

پروفیسر سلیم نے کہا کہ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ یوپی حکومت حلال مصدقہ مصنوعات پر پابندی لگا کر معاشرے اور ملک کو کیا پیغام دینا چاہتی ہے۔انہوں نے مزید کہا، "یوپی حکومت کے  سربراہ کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ وہ یوپی کے 24 کروڑ عوام کے وزیر اعلیٰ ہیں، جن میں تمام مذہبی فرقوں کے لوگ شامل ہیں اور یہ یقینی بنانا وزیر اعلیٰ کی آئینی ذمہ داری ہے کہ ذات پات اور فرقے کی بنیاد پر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔‘‘

 

پروفیسر سلیم نے وضاحت کی کہ ’’ہر مذہب میں کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو اس مخصوص مذہب کے پیروکاروں کے لیے ممنوع ہوتی ہیں اور ہندوستان کا آئین واضح طور پر انہیں اس اصول پر عمل کرنے کی اجازت دیتا ہے۔‘‘

پروفیسر سلیم انجینئر آل انڈیا مذہبی جن مورچہ اور سدبھاونا منچ کے کنوینر بھی ہیں جس میں مختلف نمائندے شامل ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا، "یوپی حکومت کی کارروائی واضح طور پر مسلم کمیونٹی اور اسلام کے خلاف نفرت، غیر معقول اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے خلاف ہے۔

جماعت اسلامی کے   رہنما نے مزید تبصرہ کیا، "اگر یوپی حکومت کے اس غلط فیصلے کو درست مان لیا جائے، تو ریستورانوں کے باہر خالص سبزی لکھنا، ہر پروڈکٹ کے سرورق پر اجزاء کا ذکر کرنا، مٹھائیوں اور دیگر مصنوعات پر شوگر فری لکھنا  ۔ گوشت کی دکانوں پر حلال اور جھٹکا سب کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔

تاہم، انہوں نے پروڈکٹ پر موجود اجزاء کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صارفین کی مدد ہوتی ہے اور پروڈکٹ میں موجود اجزاء کے حوالے سے کسی الجھن کی صورت میں ان کی مشکلات دور ہوتی ہیں۔

جماعت اسلامی کے  رہنما نے کہا کہ اس طرح کے احکامات صرف صارفین کے درمیان الجھن میں اضافہ کریں گے اور تجارت اور سرمایہ کاری میں رکاوٹ پیدا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی رجعت پسندانہ کارروائی کا نقصان ان لوگوں کو برداشت کرنا پڑے گا جن کے لیے وہ ’’ہندو ہردئے سمراٹ‘‘ کے طور پر ابھرنا چاہتے ہیں ان لوگوں کے مقابلے جن کی نفرت نے انہیں یہ قدم اٹھانے پر اکسایا ہے۔

انہوں نے  وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے اپیل کی کہ وہ "آئین کی روح میں تمام شہریوں کی خدمت کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور تمام لوگوں کی امن، انصاف اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے راج دھرم  پر عمل کریں ۔