یوپی: بلندشہر میں تبلیغی اجتماع مقامی انتظامیہ کی اجازت نہ ملنے پر منسوخ
نئی دہلی ،27اگست :۔
مغربی یوپی کے بلند شہر میں تبلیغی جماعت کا سالانہ اجتماع ہونے والا تھا لیکن برسوں سے ہونے والے اس سالانہ تبلیغی اجتماع کو مقامی انتظامیہ نے اجازت نہیں دی ،جس کی وجہ سے سیانہ ٹاؤن، بلند شہر میں ہونے والا تبلیغی جماعت کا اجتماع مقامی حکام کے ساتھ اجازت کے تنازعہ کے بعد اچانک منسوخ کر دیا گیا ۔
یہ تقریب 24 سے 26 اگست تک منعقد ہونا تھی۔اس کے لئے منتظمین نے تیاریاں بھی کر لی تھیں ،مہمانوں اور شرکا کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا تھا۔اس سلسلے میں اجتماع گاہ میں شامیانے بھی نصب کر دئے گئے تھے لیکن حکام کی جانب سے یہ کہتے ہوئے پروگرام منسوخ کرنے کا حکم دیا گیا کہ اس پر عمل درآمد کے لیے ضروری اجازت نہیں دی گئی تھی۔
اجتماع کی تیاریوں کے درمیان کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب تقریباً 12 پولیس اہلکار تقریب کے مقام پر پہنچے، انہوں نے شرکاء کو ہدایت دی کہ وہ کھڑے کیے گئے خیموں کو فوری طور پر ہٹا لیں یا زبردستی ہٹانے کا سامنا کریں۔
منتظمین میں سے ایک نے بتایا کہ ’’تقریباً 12 پولیس والے آئے اور ہمیں کہا کہ خیمے ہٹا دیں ورنہ وہ انہیں ہٹا دیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ اس اجتماع کے سلسلے میں مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی نئی سرگرمی کی اجازت نہیں دیں گے ۔جبکہ سب کو معلوم ہے کہ یہ تبلیغی اجتماع سالوں سے ہوتا آ رہا ہے ، جیسا کہ 2016 میں سیانہ میں اسی طرح کا اجتماع کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا تھا۔اس کے باوجود پولیس نے اس اجتماع کو نئی سرگرمی کا حوالہ دے کر اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
اجتماع کے منتظمین نے بتایا کہ حکام نے یہ کہہ کر اجتماع کی کوئی تحریری اجازت نہیں دی کہ وہ قصبے میں کسی بھی نئی چیز کی اجازت نہیں دیں گے۔ تا ہم اجتماع نیا نہیں ہے۔ سیانہ میں پچھلا اجتماع 2016 میں منعقد ہوا تھا۔
حکام کے خدشات کے جواب میں، منتظمین نے دلیل دی کہ یہ تقریب کسی کھلے عوامی علاقے کے بجائے ایک محدود جگہ، خاص طور پر محلہ (پڑوس) کے اندر منعقد کرنا تھی۔ اس وضاحت کے باوجود، تقریب کی اجازت کی درخواست کو بالآخر مسترد کر دیا گیا۔
دی آبزرور پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق سیانہ پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نریندر سنگھ نے بتایا، "قصبے کے اندر ہونے والے ہر اجتماع کو حکام سے اجازت ملنی چاہیے، اور اس معاملے میں، انہوں نے مقامی حکام سے اجازت نہیں لی تھی۔