یوپی : ایک باپ بنا حیوان! ماں اور بیوی سمیت تین بچوں کے قتل کے بعد کی خود کشی

پہلے ماں کو ماری گولی،پھر ہتھوڑے سے بیوی کا قتل کرنے کے بعد تین بچوں کو چھت سے پھینک دیا،منشیات کا تھا عادی

نئی دہلی،11مئی:۔

کہا جاتا ہے ہر انسان کے اندر ایک حیوان ہوتا ہےاور کبھی کبھی سماج میں انسان اپنی حرکتوں سے اس بات کو سچ ثابت کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ اتر پردیش کے سیتا پور میں بھی ایسا ہی ایک انسان آج حیوانیت کا مظاہرہ کیا۔ دراصل یہاں ایک پاگل شخص نے پہلے اپنے ہی خاندان کے پانچ افراد کو قتل کیا اور بعد میں خودکشی کر لی۔ پولیس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ملزم نے پہلے اپنی ماں کو گولی ماری اور پھر بیوی کو ہتھوڑے سے پیٹ کر قتل کردیا۔ وہ اسی پر نہیں رکا، اپنی ماں اور بیوی کو قتل کرنے کے بعد اپنے تین بچوں کو بھی نہیں بخشا۔ ملزم نے اپنے تین بچوں کو ایک ایک کر کے گھر کی چھت سے پھینک دیا۔ جس کی وجہ سے تینوں بچے جاں بحق ہو گئے۔ خاندان کے پانچ افراد کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد ملزم نے خود بھی خودکشی کرلی۔ پولیس نے ملزم کی شناخت انوراگ سنگھ کے طور پر کی ہے جس کی عمر 45 سال ہے۔

فی الحال پولیس نے موقع پر پہنچ کر تمام لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ پولیس اس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔ پولیس جائے وقوعہ کے قریب رہنے والے لوگوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ متوفی کے دیگر رشتہ داروں سے بھی اس معاملے میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ پولیس فی الحال یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ اس شخص نے خاندان کے تمام افراد کو کیوں مارا۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم کو نشہ کی عادت تھی۔ تفتیش میں پتہ چلا کہ ملزم انوراگ نشے کا عادی تھا۔ یہی وجہ تھی کہ اس کے گھر والے اسے نشہ چھڑانے کے مرکز میں بھیجنا چاہتے تھے۔ پولیس کے مطابق انوراگ اور خاندان کے دیگر افراد کے درمیان اس معاملے کو لے کر جھگڑا ہوا تھا۔ اور اس کے بعد اس نے یہ واقعہ انجام دیا۔

سیتا پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ چکریش مشرا نے بتایا کہ پولیس کو ہفتہ کی صبح رام پور متھرا تھانے کے تحت گاؤں پالہاپور سے اطلاع ملی کہ ایک ذہنی طور پر بیمار شخص، جس کا نام انوراگ سنگھ، عمر 45 سال بتایا جاتا ہے، نے اپنے خاندان کے پانچ افراد کا قتل کر دیا ہے۔   اور بعد میں خود بھی خودکشی کر لی۔ پولیس تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ملزم نے اس سے قبل اپنی ماں ساوتری دیوی (65)، بیوی پرینکا (40) اور اس کے تین بچوں کا قتل کیا تھا۔