یوپی: ایس پی پر مسلم شخص کو ہندو مذہب اختیار کرنے پر مجبور کرنے کا الزام، تحقیقات کا مطالبہ

 سیتا پور کے رہنے والےفتح الدین خان نے سنگین الزام عائد کیا،سابق آئی پی ایس افسر اور سماجی کارکن امیتابھ ٹھاکر نےخط لکھ کر اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا

انوار الحق بیگ

نئی دہلی،24 دسمبر :۔

 اتر پردیش کے سیتاپور میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہےجہاں ایک مسلم شخص فتح الدین خان نے  ایس پی (سپرنٹنڈنٹ آف پولیس) چکریش مشرا پر جبراً ہندو مذہب  میں تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ گزشتہ روز فتح الدین کا گھر واپسی کے نام پر ایک ویڈیو  سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں پوجا پاٹھ کرتے اور منڈن کراتے ہوئے فتح الدین کو دکھایا گیا تھا ۔ اس وائرل ویڈیو کے بعد فتح الدین نےیہ الزام عائد کیا ہے کہ سیتا پور کے ایس پی نے جبراً اسے ہندو بنایا تھا۔  اب اس معاملے میں سابق آئی پی ایس افسر اور سماجی کارکن امیتابھ ٹھاکر نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ سنگین الزامات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا  ہے۔

 رپورٹ کے مطابق فتح الدین خان کے مطابق، سیتا پور کے ایس پی چکریش مشرا نے انہیں اور ان کے بھائی کو قومی سلامتی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت جیل میں ڈالنے کی دھمکی دے کر زبردستی ہندو مذہب اختیار کر ایا۔

 سیتا پور کے اٹاریہ تھانہ علاقے کے گاؤں گدھیرواں کے رہنے والے فتح الدین خان نے الزام لگایا کہ راشٹریہ ہندو شیر سینا کے قومی صدر سری وکاس ہندو نے اسے زبردستی مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔ اس کے ساتھ ہی اسے سیتا پور پولیس کی دھمکیوں سے ڈرایا گیا اور اس کا نام بدل کر فتح بہادر سنگھ رکھ دیا گیا۔

اس معاملے میں آزاد ادھیکار سینا کے قومی صدر امیتابھ ٹھاکر نے 21 دسمبر کو اتر پردیش کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کو ایک خط لکھ کر پولس افسر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور معاملے کی سی بی سی آئی  تحقیقات کا مطالبہ کیا  ۔

امیتابھ ٹھاکر کے خط کے مطابق 16 دسمبر 2024 کو فتح الدین کو ایس پی چکریش مشرا نے اپنے دفتر بلایا تھا۔ فتح الدین کے الزام کے مطابق، ملاقات کے دوران چکریش مشرا نے اسے ہندو مذہب اختیار کرنے پر مجبور کیا اور غیر قانونی ہتھیار رکھنے اور اس کے بھائی کے خلاف این ایس اے کے تحت کارروائی کرنے کے الزام میں اسے جیل بھیجنے کی دھمکی دی۔

فتح الدین کا الزام ہے کہ انہیں کئی گھنٹوں تک پولیس آفس کے ایک کمرے میں بند رکھا گیا جب کہ باہر پولیس اہلکار تعینات تھے اور بعد میں چکریش مشرا راشٹریہ ہندو شیر سینا کے قومی صدر شری وکاس ہندو کو زبردستی مذہب تبدیل کرنے کے لیے لے آئے۔

اس کے جواب میں، سیتاپور پولیس نے 19 دسمبر کو ایک پریس نوٹ جاری کیا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ فتح الدین کے تمام الزامات جھوٹے ہیں۔ پولیس نے کہا، ‘سوشل میڈیا کے ذریعے ہمارے نوٹس میں ایک ویڈیو آئی ہے، جس میں قاری فتح الدین نامی شخص الزام لگا رہا ہے کہ پولیس اور کچھ تنظیموں نے اسے زبردستی مذہب تبدیل کرایا۔

پولیس نے کہا کہ اس نے رضاکارانہ طور پر مندر میں تبدیلی کے بارے میں ایک بیان دیا تھا، جسے کئی ذرائع ابلاغ نے بڑے پیمانے پر رپورٹ کیا تھا۔ فتح الدین نے مذہب کی تبدیلی کے حوالے سے عدالت میں حلف نامہ بھی داخل کیا تھا۔

پولیس نے پریس نوٹ میں مزید کہا ہے کہ 19 دسمبر کو فتح الدین نے اپنے سابقہ ​​بیانات کی نفی کرتے ہوئے نئے بیانات دینا شروع کر دیے، پولیس نے سختی سے کہا کہ یہ نئے دعوے "مکمل طور پر جھوٹے اور بے بنیاد ہیں” عوام کو گمراہ کرنے کے لیے ہیں۔

راشٹریہ ہندو شیر سینا کے قومی صدر شری وکاس ہندو نے جبری تبدیلی مذہب کے سنگین الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

تاہم، امیتابھ ٹھاکر نے ڈی جی پی کو لکھے اپنے خط میں کہا ہے، ’’یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ کسی شخص کی مجرمانہ تاریخ اس کے خلاف لگائے گئے الزامات کی سنگینی کو کم نہیں کرتی ہے۔‘‘انہوں نے زور دیا کہ ایس پی چکریش مشرا کو فتح الدین کے ماضی کی وجہ سے ان پر لگائے گئے سنگین الزامات سے بری نہیں کیا جانا چاہئے۔ ٹھاکر نے مزید کہا کہ اتر پردیش پرہیبیشن آف غیر قانونی مذہبی تبدیلی قانون، 2021 کے تحت، جسے 2024 میں مضبوط کیا گیا تھا، جو بھی کسی شخص کو دھمکی یا زبردستی مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کرتا ہے اسے کم از کم 20 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

اپنی شکایت میں، امیتابھ ٹھاکر نے کہا، "عام طور پر، فتح الدین کی طرف سے لگائے گئے الزامات ایکٹ کی دفعہ 5 کے تحت آتے ہیں۔ اگرچہ یہ ممکن ہے کہ یہ الزامات جھوٹے ہوں لیکن ایف آئی آر درج کیے بغیر اور مکمل تحقیقات کیے بغیر معاملے کی سچائی کا پتہ نہیں چل سکتا۔  یہ بہت سنگین الزامات ہیں اور یہ ضروری نہیں ہے کہ یہ سچ ہوں۔

(بشکریہ :انڈیا ٹو مارو)