یوپی:یوگی حکومت کی متعصبانہ کارروائی ،18 یادو خاندانوں کے گھروں پر چلا بلڈوزر
اکھلیش یادو کا بی جے پی پرحملہ،20 سے 40 سال سے قیام پذیر تھے،بغیر نوٹس کے کارروائی کی گئی
نئی دہلی ،فرخ آباد،30 ستمبر :۔
عدالت عظمیٰ کی واضح ہدایات کے باوجود بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں بلڈوزر بدستور جاری ہے۔گزشتہ روز گجرات کے سومناتھ علاقے میں سیکڑوں سال پرانی مسجد ،درگاہ اور قبرستان کو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے غیر قانونی قبضہ کا حوالہ دے کر مسمار کر دیا گیا ،اب اتر پردیش میں بھی اسی طرح کی کارروائی جاری ہے۔سپریم کورٹ نے واضح کر دیا ہے اس کے باوجود بی جے پی کے وزرائے اعلیٰ ایک مخصوص طبقے خاص طور پر مسلمانوں کی جائیدادوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔تازہ معاملہ اتر پردیش کے فرخ آباد ضلع کے نواب گنج علاقے کا ہے جہاں یوگی حکومت نے بلڈوزر کی بڑی کارروائی کی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت نے نہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کیا اور نہ ہی انہدامی کارروائی کی عام اصول کا لحاظ رکھا ۔بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اوکھڑا گاؤں میں 18 خاندانوں کے مکانات بلڈوز کر کے ان کے مکانات مسمار کر دیے گئے ہیں۔بڑی بات یہ ہے کہ یہ تمام 18 خاندان یادو ذات سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس معاملے میں یوپی کے سابق سی ایم اکھلیش یادو کا بیان بھی سامنے آیا ہے اور انہوں نے یوگی حکومت کی ذات پر مبنی متعصبانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے سوال کھڑ ے کئے ہیں ۔
واضح رہے کہ یوگی سرکار پر حالیہ دنوں میں ذات اور مذہب کی بنیاد پر کارروائی کرنے کے الزامات عائد ہوتے رہے ہیں ۔ انہوں نے باقاعدہ اسمبلی میں یادو اور مسلم ملزم کا نام لے کر نشانہ بنایا تھا۔ جس کے بعد یوگی حکومت پر اپوزیشن کی جانب سے ذات پر مبنی کارروائی کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں ۔حالیہ واقعہ اسے ان الزامات کی تصدیق بھی ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوگی حکومت کا الزام ہے کہ ان خاندانوں نے گاؤں کی سوسائٹی کی زمین پر قبضہ کر رکھا تھا اور برسوں سے اس پر غیر قانونی طور پر مکان بنا کر رہائش پذیر تھے۔ جن لوگوں کے گھر تباہ ہوئے ان میں سے بہت سے لوگ 20 سے 40 سال پہلے یہاں رہ رہے تھے۔ ہفتے کی شام ان کے گھروں پر بلڈوزر چلا دیا گیا۔ خبر یہ بھی ہے کہ اندھیرے کے باعث صرف 18 گھروں پر ہی کارروائی ہوسکی، باقی 5 گھروں پربھی کارروائی ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق تحصیلدار شردھا پانڈے نے بتایا کہ ڈیڑھ ہیکٹر بنجر گاؤں سوسائٹی کی زمین پر گاؤں والوں نے قبضہ کر رکھا ہے۔ گاؤں کی سوسائٹی کی رضامندی سے گرین انرجی کوریڈور کے لیے زمین حاصل کی گئی ہے۔
اس معاملے پر یوپی کے سابق وزیر اعلی اور ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے اپنے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کیا ہے۔ انہوں نے لکھا، ‘یہ انتقام سے بھری بی جے پی کی سیاست کا بدترین چہرہ ہے۔ آباد مکانات گرا کر بی جے پی کو خوشی ملتی ہے۔ جنہوں نے اپنے گھر آباد نہیں کیے وہ نہ جانے کس چیز کا بدلہ دوسروں کے گھر گرا کر لیتے ہیں۔ ہر گرتے گھر کے ساتھ بی جے پی بھی مزید گرتی جا رہی ہے۔ امرت کال کی جانکاری کے لیے: آج فرخ آباد لوک سبھا کے امرت پور اسمبلی کے گاؤں اوکھڑا میں رہنے والے 25 غریب خاندانوں کے گھروں پر بلڈوزر چلا کر کئی بوڑھے، بیمار، بچے، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو بے گھر کر دیا۔ شدید بارشیں یہ سیاسی ظلم کی انتہا ہے۔