یونیفارم سول کوڈ: مسلم پرسنل لا بور ڈ کے وفد کی کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے سے ملاقات
وفد نے یونیفارم سول کوڈ پر مسلمانوں کے موقف سے انھیں باخبر کیا، کانگریس پارٹی سے ایک واضح موقف اختیار کرنے کی درخواست
نئی دہلی،07جولائی:۔
مرکزی حکومت جہاں یونیفارم سول کوڈ کے نفاذکے لئے سر گرم ہے اور وزرا کے گروپ کی تشکیل دے دی گئی ہے وہیں دوسری جانب قبائلی اور سکھ برادری کے علاوہ مسلم پرسنل لاء بورڈ بھی یکساں سول کوڈ کے خلاف سیاسی اور سماجی طور پر سر گرم ہو گیا ہے ۔اس سلسلے میں آل انڈیا مسلم پرسنل لابور ڈ کے ایک وفد نے بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے سے ان کے گھر پر ملاقات کی اور یونیفارم سول کوڈ پر مسلمانوں کے موقف اور اس کے دلائل سے انھیں واقف کرایا۔ وفد میں بورڈ کے سکریٹری مولانا احمد ولی فیصل رحمانی، بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس، لیگل کمیٹی کے اراکین ایڈوکیٹ ایم آر شمشاد، مولانا نیاز احمد فاروقی، ارکان بورڈ عارف مسعود(ممبر اسمبلی مدھیہ پردیش) اور حامد ولی فہد رحمانی شریک تھے۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا عمران پرتاب گڑھی نے اراکین وفد کا موصوف سے تعارف کروایا۔
ایڈوکیٹ ایم آر شمشاد نے بورڈ کی جانب سے لا کمیشن کو دئےگئے دستاویز کے مندرجات اور اس کے دلائل سے کھڑگے کو واقف کرایا۔ ڈاکٹر الیاس نے صدر کانگریس سے کہا کہ سب سے قدیم، حزب اختلاف کی سب بڑی اور ایک سیکولر پارٹی ہونے کے ناطے ملک کی اقلیتوں، قبائلی طبقات اور انصاف پسند ہندؤوں کی نگاہیں اس مسئلہ پر کانگریس کی طرف لگی ہوئی ہیں ۔ ہمیں امید ہےکہ یونیفارم سول کوڈ کے مسئلہ پر کانگریس کا موقف دو ٹوک، دستوری تحفظات، مذہبی اقلیتوں و قبائلی طبقات کے تشخص اور ملک کے تنوع کی حفاظت کے حق میں ہوگا۔ جہاں تک مسلمانوں کا تعلق ہے ہم یونیفارم سول کو ڈ کو شریعت اور مذہبی و ثقافتی آزادی کے دستوری حق میں راست مداخلت تصور کر تے ہیں۔ کانگریس کا موجودہ موقف کہ ہم اس پر بل کا ڈرافٹ آنے کے بعد ہی اظہار خیال کریں گے ہمارے نزدیک مسئلہ کو ٹالنے کی کوشش ہے، جب کہ بی جے پی اسے الیکشن کا ایشو بنانے کی پوری تیاری کرچکی ہے۔
مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے دستور ہند کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے یونیفارم سول کوڈ کے مضمرات پر روشنی ڈالی۔ مولانا نیاز احمد فاروقی نے بھی صدر کانگریس سے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرنے پر اصرار کیا۔
کھڑگے نے وفد کو یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی یونیفارم سول کوڈ پر کوئی موقف اختیار کرتے وقت ان تمام دلائل و تحفظات کو پیش نظر رکھے گی جس کا اظہار بورڈ کے معزز ذمہ داران و اراکین نے کیا ہے۔ اس موقع پر بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے کانگریس صدر کو صدر بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا مکتوب پیش کیا، جس میں ملک و ملت کے لئے یونیفارم سول کوڈ کے مضمرات اور اندیشوں کا اظہار کیا گیا، نیز یہ واضح طور پر کہا گیاکہ یونیفارم سول کو ڈ مذہبی و ثقافتی آزادی کے مغائر اور شریعت میں راست مداخلت ہوگی۔