ہیمنت بسو سرما پر2017 میں منی پور انتخابات کے دوران کوکی انتہا پسندوں کی مدد لینےکا الزام
آسام کانگریس کے رہنما بھوپین بورا نے آسام کے وزیر اعلیٰ کے خلاف این ایس اے کے تحت گرفتار کرنے کا مطالبہ کیاہے
نئی دہلی ،16جون :
کوکی انتہا پسندوں سے ملاقات اور منی پور انتخابات کے دوران انتہا پسندوں کی مدد لینے کے الزام پر آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسو سرما کے خلاف آسام کانگریس نے مورچہ کھول دیاہے ۔ آسام کانگریس کے سربراہ بھوپین بورا نے گزشتہ روز مطالبہ کیا کہ وزیر اعلی ہیمنت بسوا سرما کو منی پور انتخابات کے لیے کوکی باغی گروپ کے رہنماؤں کی مدد لینے کے الزام میں قومی سلامتی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت گرفتار کیا جائے۔پارٹی نےبدھ کے روز بسوا سرما کے مبینہ "کوکی انتہا پسندوں کے ساتھ غیر آئینی روابط” کے خلاف گوہاٹی میں بھوک ہڑتال کی۔
کانگریس سر براہ بورا نےکہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ ہم نے سنا ہے کہ جمہوری طور پر منتخب وزیر اعلیٰ نے منی پور اسمبلی کے انتخابات جیتنے کے لیے کوکی عسکریت پسندوں سے ملاقات کی ہے۔ یہ بات ایک عسکریت پسند گروپ کے لیڈر نے کہی ہے۔ ہمیں یہ دیکھنے کے لیے تجسس ہے کہ آیا بی جے پی ہائی کمان ان کے خلاف کارروائی کرتی ہے یا نہیں۔بورا نے کہا کہ یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام-انڈیپنڈنٹ (ULFA-I) کے سربراہ پریش بارو نے ہمیشہ سرما کو اپنے سابق ہم منصب کے طور پر تسلیم کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس وقت منی پور میں میتائی اور کوکی برادریوں کے درمیان نسلی تشدد کا بازار گرم ہے ۔اس دوران ایک کوکی رہنما کے ذریعہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھا گیا ہے ۔یہ خط شاہ کو 2019 میں لکھا گیا تھا۔ خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بی جے پی کے دو رہنما، ہیمنت بسوا سرما اور رام مادھو، جو شمال مشرقی ریاستوں کے انچارج تھے۔ 2017 کے اسمبلی انتخابات جیتنے کے لیے کوکی تنظیموں کی مدد لی۔
واضح رہے کہ بی جے پی 2017 میں پہلی بار منی پور میں برسراقتدار آئی اور وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ کی قیادت میں حکومت بنائی۔ یہ خط 8 جون 2023 کو این آئی اے عدالت میں ایس اے او کے تحت مسلح تنظیموں میں سے ایک، یونائیٹڈ کوکی لبریشن فرنٹ (یو کے ایل ایف) کے صدر ایس ایس ہاوکیپ کی طرف سے داخل کردہ حلف نامہ کے ضمیمہ کے طور پر منسلک کیا گیا تھا۔