ہنڈن برگ کیس: میڈیا رپورٹنگ پر پابندی عائد کرنے کی درخواست خارج
سپریم کورٹ نے کہا- ہم کبھی بھی میڈیا کے خلاف کوئی پابندی نہیں عائد کریں گے،پابندی کی بات کے بجائے مناسب دلیل دیجئے
نئی دہلی ،25فروری :۔
سپریم کورٹ نے اڈانی ہنڈنبرگ کیس سے متعلق میڈیا رپورٹنگ پر پابندی عائد کرنے کی درخواست خارج کردی۔ یہ درخواست وکیل ایم ایل شرما نے دائر کی تھی۔ چیف جسٹس دھننجے یشونت چندرچوڑ کی ایک بینچ نے کہا کہ ہم کبھی بھی میڈیا کے خلاف کوئی پابندی عائدنہیں کریں گے۔ جب شرما نے اپنی درخواست کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا سنسنی پیدا کررہا ہے تو ، چیف جسٹس نے کہا کہ واجب بات کیجئے ،میڈیا رپورٹنگ پر پابندی لگانے کی بات نہ کیجئے مناسب دلیل دیجئے ۔
رپورٹوں کے مطابق میڈیا رپورٹنگ پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی ہے۔ چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ بینچ جلد ہی اس تنازعہ میں حکم منظور کرے گا۔ پچھلے ہفتے ، جسٹس چندرچوڑ کی سربراہی میں ایک بینچ نے اڈانی ہنڈن برگ کیس میں ہندوستانی سرمایہ کاروں کی حفاظت کے لئے ریگولیٹری نظام کا جائزہ لینے کے لئے ایک ماہر کمیٹی کے قیام کے بارے میں اپنے فیصلے کو محفوظ رکھ لیا تھا۔
بینچ نے مجوزہ کمیٹی میں شامل کرنے کے لئے ایک مہر بند لفافے میں مرکزی حکومت کے تجویز کردہ ناموں کو قبول کرنے سے بھی انکار کردیاتھا۔ چیف جسٹس کا بنچ اڈانی کیس میں ایک ساتھ متعدد درخواستوں کی سماعت کر رہاتھا۔ جس میں دو درخواستوں نے ہنڈن برگ کے خلاف انکوائری آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
واضح رہے کہ 24 جنوری کو ، ہنڈن برگ نے ایک رپورٹ جاری کی اور اڈانی گروپ کے خلاف متعدد الزامات عائد کیے۔ جس میں سیکیورٹیز میں ہیرا پھیری جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔ اس کے بعد ، گوتم اڈانی ، جو دنیا کے امیروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر رہے ، 20 ویں پوزیشن سے نیچے چلے گئے۔ اس رپورٹ کے بعد سے ، ملک کی حزب اختلاف کی جماعتیں اڈانی گروپ کے خلاف تفتیش کا مطالبہ کررہی ہیں۔