ہندو پاک جنگ بندی پر شدت پسند عناصر کی طوفان بد تمیزی،خارجہ سکریٹری کے خلاف نازیبا تبصرہ

خارجہ سکریٹری وکرم مسری کی بیٹیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا،بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو بھی جنگ بندی کی حمایت میں ٹوئٹ کرنے پر ٹرول کیا گیا

عطابنارسی

نئی دہلی ،11 مئی :۔

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی اور حملوں کے درمیان گزشتہ شام امریکی ثالثی میں دونوں ممالک نے جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کا اظہار کیا ۔دونوں ممالک کی جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے بعد نہ صرف  دونوں ملکوں کا امن پسند طبقہ خوش اور راحت کا سانس لیا بلکہ عالمی پیمانے پر بھی دونوں ممالک کی  جنگ بندی کے فیصلے کا خیر مقدم کیاگیا۔مگر اس دورمیان ملک میں شر پسند اور شدت پسند طبقہ جو ہمیشہ نفرت اور تشدد کی کوششوں میں رہتا ہے اسے یہ جنگ بندی ہضم نہیں ہوئی اور اس طبقے نے جنگ بندی پر طوفان بد تمیزی شروع کر دی  اور سوشل میڈیا پر جنگ بندی کے فیصلے کی شدید مخالفت شروع کر دی ہے ۔صرف مخالفت ہی نہیں بلکہ جنگ بندی کی حمایت کرنے والوں کو ٹرول کیا جانے لگا۔ خاص طور پر خارجہ سکریٹری وکرم مسری کو بھی شدت پسندوں نے ٹرول کیا اور انہیں غدار اور دیش دروہی قرار دیا۔بالی ووڈ ادا کار سلمان خان کو بھی جنگ بندی کی حمایت کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

بھارت کے سیکرٹری خارجہ وکرم مسری، جو کئی دہائیوں کی خدمات کے ساتھ تجربہ کار سفارت کار ہیں، حالیہ تنازعہ کے درمیان مسلسل وہ ملک کے سامنے آتے رہے اور جنگ کی صورت حال کی معلومات فراہم کرتے رہے۔بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ جنگ ​​بندی کے معاہدے پر رضامندی کے بعد وکرم مسری کو  شدید آن لائن بدسلوکی کا نشانہ  بنایا گیا۔ دائیں بازو کے سوشل میڈیا صارفین کا ایک حصہ غصے میں بھڑک اٹھا، جس نے نہ صرف مسری بلکہ ان کے خاندان کو بھی نشانہ بنایا۔ ایک پرانی ٹویٹ کو کھود کر جو انہوں نے تقریباً ایک دہائی قبل پوسٹ کیا تھا اپنے غم و غصے کا جواز پیش کرنے  کی کوشش کی گئی۔  خارجہ سکریٹری مسری کی بیٹیوں کو تنازعہ میں گھسیٹا گیا  ، جس میں کئی اکاؤنٹس نے ان کیلئے  توہین  آمیز تبصرہ کیا   اور ان کی شہریت پر بھی سوال اٹھایا ۔

ایک صارف، سنجوکت (@Rimoru121145) نے لکھا، "غدار،   دیشدروہی! تم نے پاکستان  کے سامنے سجدہ کرنے اور   سرجھکانے  سے پہلے اپنی اولاد کو ہندوستان سے باہر بسایا۔ شرمناک، بالکل شرمناک۔”ایک اور صارف، @ScathingSamosa، اس سے بھی آگے بڑھ گیا، ٹویٹ کرتے ہوئے مسری کو غدار اور خاندان پر تنقید کی ۔در اصل یہ غصہ مسری کے حالیہ ریمارکس سے پیدا ہوا تھا جس میں پاکستان پر جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنے پر زور دیا گیا تھا۔

دریں اثنا  کچھ صارفین نے اس  بدسلوکی  کے خلاف آواز اٹھائی ۔ شیربیر پناگ (@ شیربیر) نے اس رجحان کی مذمت کرتے ہوئے کہا، "ہم بحیثیت قوم جنگ بندی کی وجہ سے نہیں بلکہ جب ہمارا واحد ردعمل خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی وجہ سے ناکام ہوتا ہے۔ دیکھو بالکل کوڑا کرکٹ (تبصروں میں) ہم مسٹر مسری اور ان کے خاندان پر پھینک رہے ہیں۔ نفرت انگیز۔

صرف وکرم مسری ہی نہیں بلکہ جنگ بندی کی حمایت کرنے والے دیگر شخصیات کو بھی ٹرول کیا گیا۔ بالی ووڈ کے معروف ادا کار سلمان خان کو بھی ٹرول کیا گیا ۔ انہوں نے جنگ بندی کی حمایت میں ایک ٹوئٹ کیا اور لکھا کہ خودا کا شکر ہے کہ جنگ بندی ہو گئی ۔سلمان خان کو شدت پسندوں نے اس قدر ٹرول کیا کہ انہیں اپنا ٹوئٹ ڈلیٹ کرنا پڑا ۔ اس کے باوجود انہیں ٹرول کیا گیا۔

وکرم مسری، جنہوں نے چین، اسپین اور میانمار میں سفیر کے طور پر مختلف اعلیٰ سطحی سفارتی کرداروں میں ہندوستان کی خدمات انجام دی ہیں، جولائی 2024 میں خارجہ سکریٹری بنے۔ انہوں نے تین وزرائے اعظم- اندر کمار گجرال، منموہن سنگھ، اور نریندر مودی کے ساتھ پرائیویٹ سیکرٹری کے طور پر بھی کام کیا ہے۔