ہندوستان کی جانب سے غزہ میں 32 ٹن امدادی سامان روانہ
نئی دہلی، 20نومبر ۔
ہندوستان میں گر چہ حکمراں جماعت کے رہنماؤں کی جانب سے اسرائیل کی حمایت کی جا رہی ہو اور مظلوم فلسطینیوں کی موت پر جشن منایا جا رہا ہو لیکن ہندوستان کی قدیمی روایت کے مطابق نہ چاہتے ہوئے بھی حکومت کو فلسطینی مظلومین کے لئے امداد روانہ کرنا پڑ رہا ہے ۔یہ در اصل ملک کی قدیم پالیسی کا نتیجہ ہے ۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستانی فضائیہ کا C-17 ٹرانسپورٹ طیارہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ میں پھنسے شہریوں کی مدد کے لیے 32 ٹن امدادی سامان لے کر اتوار کومصر کے العریش ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہوا۔ ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ فلسطین کے شہریوں کو انسانی امداد فراہم کرتا رہے گا۔
وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ٹوئٹر پر یہ معلومات شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم فلسطین کے لوگوں کو انسانی امداد فراہم کرتے رہیں گے۔ ہندوستان کی ان کوششوں کے ایک حصے کے طور پر ہندوستانی فضائیہ کا C-17 طیارہ 32 ٹن امدادی سامان لے کر روانہ ہوا ہے۔ اس سے قبل بھی بھارت نے 22 اکتوبر کو غزہ میں پھنسے لوگوں کی مدد کے لیے فضائیہ کے طیاروں کے ذریعے امدادی سامان بھیجا تھا۔ یہ ہندوستانی طیارہ مصر کے العریش ہوائی اڈے پر اترے گا اور امدادی سامان متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔