ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 169 ہوگئی، وزیراعظم آج رات عوام سے خطاب کریں گے
نئی دہلی، مارچ 19: ہندوستانی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 169 ہوگئی، جن میں سے تین کی موت ہوگئی ہے۔
بدھ تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 153 تھی- مہاراشٹر میں 39 تصدیق شدہ کیسوں کے ساتھ یہ تعداد سب سے زیادہ ہے، اس کے بعد کیرالہ 29 معاملات کے ساتھ دوسری سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے۔
منگل کے روز ہندوستان میں اس وائرس نے تیسری جان لی، جب ایک 64 سالہ شخص، جس کا مہاراشٹر میں ٹیسٹ مثبت تھا، کستوربا اسپتال میں انتقال کر گیا۔
دریں اثنا مبینہ طور پر اس وائرس سے متاثر ایک 35 سالہ شخص نے دہلی کے صفدرجنگ اسپتال کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ ہوائی اڈے کے حکام کے ذریعے اسے اسپتال میں داخل کرنے کے فورا بعد ہی یہ واقعہ پیش آیا۔
وزیر اعظم کے دفتر نے بدھ کی شب اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج شام 8 بجے اس عالمی مہاماری پر قوم سے خطاب کریں گے۔ گزشتہ کئی دہائیوں میں اس سب سے بڑے انسانی المیہ پر قوم سے بات نہ کرنے اور تحفظ کا یقین نہ دلانے پر انھیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے COVID-19 پر قابو پانے کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے بدھ کے روز ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی۔
پی ایم او نے کہا ’’وزیر اعظم نے COVID-19 کی وبا سے لڑنے کے لیے میکانزم تیار کرنے کے لیے افراد، مقامی برادریوں اور تنظیموں کے ساتھ فعال طور پر شامل ہونے پر زور دیا۔ انھوں نے عہدیداروں اور تکنیکی ماہرین پر بھی زور دیا کہ وہ آگے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی بہتر طریقے سے غور کریں۔‘‘