’ہم امبیڈکر کے نام کا جاپ کرتے رہیں گے‘
امت شاہ کے بیان پر تمل سپر اسٹار وجے کا بیان
نئی دہلی ،19 دسمبر :۔
پارلیمنٹ میں امت شاہ کے ذریعہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے سلسلے میں کیے گئے تبصرے پر پورے ملک میں ہنگامہ برپا ہے۔ اپوزیشن جماعتیں وزیر داخلہ امت شاہ سے لگاتار استعفیٰ کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ایوان سے لے کر سڑک تک ملک بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں ۔ کانگریس کے اراکین پارلیمنٹ میں آج بھی امت شاہ کے خلاف زور دار مظاہرہ کیا۔دریں اثنا تمل سپر اسٹار اور تملگا ویٹری کزگم (ٹی وی کے) کے سربراہ وجئے کا بھی بیان اس سلسلے میں سرخیوں میں ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں وجئے نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں کو امبیڈکر کے نام سے ‘ایلرجی’ ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی وجئے نے امبیڈکر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستانی شہریوں کے لیے آزادی کے جذبہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔
وجئے نے کہا کہ امبیڈکر کی وراثت حاشیے پر رہنے والے طبقوں کے لیے امید کی کرن ہے اور سماجی ناانصافی کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے امبیڈکر کے نام کا جاپ کرنے کی قسم کھائی۔ تھلاپتی وجئے نے کہا کہ امبیڈکر…امبیڈکر…امبیکڈکر…، آئیے ہم اپنے دل اور ہونٹوں پر خوشی کے ساتھ ان کا نام جپتے رہیں۔
قابل ذکر ہے کہ تمل فلموں کے سپر اسٹار وجئے نے تمل ناڈو میں اپنی پارٹی تملگا ویٹری کزگم (ٹی وی کے) لانچ کی ہے جس میں پیریار اور بی آر امبیڈکر کے بتائے راستے پر چلنے کی بات کہی ہے۔ وجئے نے شمالی تمل ناڈو کے وکرونڈی میں اپنی پارٹی کی پہلی ریلی کے دوران امبیڈکر کا ذکر ٹی وی کے کے نظریاتی گروؤں میں سے ایک کے طور پر کیا تھا۔