ہمارے سماج میں تعلیم کی سب سے زیادہ ضرورت مسلمانوں کو ہے
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ناگپور میں ایک کنوکیشن کے دوران کہا کہ مسلمان زیادہ سے زیادہ آئی اے ایس-آئی پی ایس بنیں گے تو ملک کو فائدہ ہوگا

نئی دہلی ،16 مارچ :۔
یوں تو مرکز میں زیر اقتدار بی جے پی کے رہنما مسلمانوں کے خلاف اکثر زہر اگلتے رہتے ہیں ۔ ان سے مسلمانوں کے حق اور انکے مفاد میں کسی بیان کا سننا نا قابل یقین ہے مگر پھر بھی بی جے پی میں کچھ ایسے رہنما ہیں جو پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے بر عکس اپنے خیالات اور نظریہ کے مطابق عمل کرنا اور کام کرنا پسند کرتے ہیں ۔ ان میں سر فہرست نام ہے مرکزی وزیر نتن گڈ کری کا۔نتن گڈکری بی جے پی کے رہنماؤں میں اپنے بے باک انداز کے لیے مشہور ہیں ۔ وہ اپنی عوامی بات چیت میں مذہب اور ذات کو نہیں لاتے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایسا اس لیے کرتے ہیں کیونکہ انہیں یقین ہے کہ لوگ سماج کی خدمت کو سب سے اوپر مانتے ہیں ۔
ناگپور کے نندمُدا انسٹی چیوٹ کے کنووکیشن میں حصہ لیتے ہوئے گڈکری نے آج ایسا ہی ایک بے باک اور بی جے پی کے رہنماؤں کی سوچ سے الگ مسلمانوں کے تعلق سے ایک بیان دیا ۔ جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سماج میں اس وقت سب سے زیادہ تعلیم کی اگر کسی کو ضرورت ہے تو وہ مسلم سماج ہے۔
انہوں نے آگے کہا، "جب میں ایم ایل سی تھا تو میں نے انجمن اسلام انسٹی چیوٹ (ناگپور) انجینئرنگ کالج کی منظوری دی۔ مجھے محسوس ہوا کہ مسلم سماج کو اس کی ضرورت ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ اگر مسلم طبقے سے زیادہ سے زیادہ انجینئر، آئی پی ایس، آئی اے ایس افسر نکلتے ہیں تو سبھی کی ترقی ہوگی۔ ہمارے پاس سابق صدرجمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی بہترین مثال ہے۔
نتن گڈکری نے کہا کہ آج ہزاروں طلبا انجمن اسلام کے بینر تلے انجینئر بن چکے ہیں۔ اگر انہیں پڑھنے کا موقع نہیں ملتا تو کچھ بھی نہیں ہوتا۔ تعلیم کی یہی طاقت ہے، یہ زندگی اور فرقوں کو بدل سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم کبھی ان چیزوں (مذہب/سیاست) کو لے کر تفریق نہیں کرتے۔ میں سیاست میں ہوں اور یہاں بہت کچھ کہا جاتا ہے لیکن میں نے طے کیا کہ میں اپنے طریقے سے کام کروں گا اور یہ نہیں سوچوں گا کہ مجھے کون ووٹ دے گا اور کون نہیں۔
خیال رہے کہ مرکزی وزیر نتن گڈ کری اس سے قبل بھی اس طرح کے بیانات دیتے رہے ہیں جس کی تعریف کی جاتی ہے مگر وہیں ان کے اس بیان کو لے کر بھی سوال کھڑے کئے جا رہے ہیں کہ خود نتن گڈ کری جس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں وہ تو مسلمانوں کو تعلیم سے محرو م رکھنا چاہتے ہیں ۔جو اسکالر شپ دیا جا رہا تھا اسے بند کر دیا گیا ۔ جو مسلمان تعلیم کے میدان میں کام کر رہے ہیں انہیں پریشان کیا جا رہا ہے محبوب الحق کی گرفتاری کا معاملہ نیا ہے۔مسلمانوں کو سکون سےزندگی گزارنے میں خلل پیدا کیا جا رہا ہے ان کی معاشی بائیکاٹ کی مہم چلائی جا رہی ہے ایسے میں مسلمان تعلیم پر توجہ کیسے دے سکتے ہیں ۔