ہمارے بچے جشن منا رہے ہیں اور غزہ میں ان کے بچے قتل کئے جا رہے ہیں
نئے سال کے تہنیتی پیغام میں پرینکا گاندھی نے غزہ کے مظلومین کے درد کوبھی یاد کیا
نئی دہلی ،یکم جنوری:۔
غزہ میں فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم نئے سال میں بھی جاری ہے ۔معصوم فلسطینی بچوں کی ہلاکتوں کی تصاویر پوری دنیا کے انصاف پسندوں کو تشویش میں مبتلا کر رہے ہیں اور دنیا بھر سے لوگ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کر رہے ہیں ۔وطن عزیز میں گرچہ حکومت اور حکومت سے وابستہ اور حامی مسلم دشمنی میں اسرائیل کی حمایت کر رہے ہیں مگر بہت سے سیاسی رہنما ہیں جو غزہ کی تباہ کن صورت حال پر غمزدہ ہیں ۔۔
خاص طور پر کانگریس رہنما پرینکا گاندی نے متعدد مرتبہ فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔نئے سال کے جشن کے درمیان انہوں نے ایک بار پھر دل خراش انداز میں فلسطینی بچوں کو یاد کیا ہے ۔
اسی سلسلے میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی ہم وطنوں کو مبارکباد کا پیغام دیا، لیکن ان کے پیغام میں اسرائیل اور حماس کی جنگ میں غزہ کے اندر مارے گئے لوگوں کا ذکر بھی شامل تھا ۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ "آئیے ہم غزہ میں اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھیں جو اپنی زندگی، وقار اور آزادی کے حق پر انتہائی غیر منصفانہ اور غیر انسانی حملے کا سامنا کر رہے ہیں۔”انہوں نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ ایک طرف ہمارے بچے جشن منا رہے ہیں اور دوسری طرف ان کے بچوں کو بے دردی سے قتل کیا جا رہا ہے۔ دنیا کے نام نہاد لیڈر خاموشی سے دیکھتے رہتے ہیں اور اقتدار کے لالچ کی تلاش میں لاپرواہی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ پھر وہ لاکھوں لوگ ہیں جو غزہ میں ہونے والے خوفناک تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں، اور وہ لاکھوں دلیر دل ہمیں ایک نئے کل کی امید دلاتے ہیں۔ ان میں سے ایک بنو۔”
قابل ذکر ہے کہ پرینکا گاندھی اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے بارے میں آواز اٹھاتی رہی ہیں اور غزہ پر حملوں کے حوالے سے مسلسل جنگ بندی کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں ایک طرف لوگ نئے سال کا جشن منا رہے ہیں اور آتش بازی کی جا رہی ہے تو دوسری طرف غزہ میں کھنڈرات اور دھماکوں کی منظر کشی کی گئی ہے۔