ہلدوانی :پھر سے بلڈوزر کی تیاری،تشدد کے ملزمین کے خلاف انہدامی تیاریاں جاری
نئی دہلی ،11فروری :۔
اترا کھنڈ کے ہلدوانی کے ون بھول پورہ میں تشدد کی آگ بھی سرد بھی نہیں ہوئی ہے ،ملزمین کی گرفتار کا سلسلہ جاری ہے۔ دریں اثنا اب انتظامی سطح پر پھر سے بلڈوزر چلانے کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔گزشتہ 8 فروری کو مبینہ طور پرغیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے بعد بھڑکے تشدد میں اب تک چھ مسلمانوں کی جان چلی گئی ہے،باقی سیکڑوں مسلمانوں کے خلاف مقدمات درج کئے جا چکے ہیں ،گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔اب اس بات کی اطلاع ہے کہ انتظامیہ ملزمین کے گھروں پر انہدامی کارروائی کرے گا۔پہلے ہی تشدد میں مسلمانوں نے اپنی جان گنوائی ہے ،گھر اور دکان تباہ ہوئے ہیں اور جو کچھ باقی رہ گیا ہے اسے قانونی طریقے سے ختم کرنے کی تیاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق تشدد زدہ علاقے بنبھول پورہ میں دوبارہ بلڈوزر کارروائی کی تیاریاں جاری ہیں۔ انتظامیہ نے اب اس علاقے میں دوبارہ کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ہلدوانی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر پنکج اپادھیائے نے کہا،ونبھول پورہ کا ایک بڑا حصہ، جہاں پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، غیر قانونی ہے۔ اس کے خلاف ضرور کارروائی کی جائے گی۔
میونسپل کارپوریشن کمشنر نے کہا کہ ہم پر اس وقت حملہ کیا گیا جب ہم ایک غیر قانونی ڈھانچہ گرانے کے بعد واپس آرہے تھے۔ یہ اجتماعی طور پر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مہم جاری رکھیں گے۔ ان جگہوں کی تیزی سے نشاندہی کی جا رہی ہے جنہیں فوری طور پر مسمار کرنے کی ضرورت ہے۔ ہماری اولین ترجیح ہے کہ غیر قانونی قبضہ کی گئی زمین واپس لی جائے۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ادارے اس کے لیے لائحہ عمل بنائیں گے، ہم خود ان کے ساتھ بیٹھ کر منصوبہ بندی کریں گے کہ غیر قانونی تعمیرات کو کیسے گرایا جائے۔