ہلدوانی تشدد:کچھ شرائط کے ساتھ کرفیو میں نرمی
بنبھول پورہ تھانہ علاقہ میں کرفیو میں محض دو گھنٹے نو بجے سے 11 بجے تک کی نرمی
نئی دہلی ،15فروری :۔
اترا کھنڈ کے ہلدوانی میں تشدد کے بعد جاری کرفیو میں آج کچھ شرائط کے ساتھ نرمی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نینی تال کی ڈی ایم وندنا سنگھ نے فسادات سے متاثرہ علاقے میں کرفیو میں نرمی کا حکم دیا ہے تاکہ لوگ اپنی روزمرہ کی ضروریات کا سامان خرید سکیں۔ اس عرصے کے دوران اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے دکانیں اور کاروباری ادارے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
حکم کے تحت، گوجاجلی کے ایف سی آئی گودام کمپلیکس، بنبھول پورہ علاقے کے ریلوے بازار میں آج صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک نرمی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بنبھول پورہ تھانہ علاقہ میں کرفیو میں دو گھنٹے کی نرمی رہے گی۔ یہاں کرفیو میں صرف صبح 9 بجے سے 11 بجے تک نرمی کی گئی ہے۔ تاہم اس دوران انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند رہے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے دکانوں کو ضروری سامان بھی فراہم کیا جائے گا۔باہری لوگوں کے آمد و رفت پر بھی پابندی عائد رہے گی۔
حکم نامے کے مطابق کرفیو والے علاقوں میں رہنے والے طلباء کو بورڈ یا یونیورسٹی کے امتحانات یا مسابقتی امتحانات کے ایڈمٹ کارڈ دکھانے کے بعد امتحانی مدت کے دوران باہر جانے کی اجازت ہوگی۔ حکم کی کاپی ڈی ایم نے متعلقہ حکام کو بھیجی ہے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ہلدوانی میں غیر قانونی تجاوزات ہٹانے گئی انتظامیہ کی ٹیم پر مقامی لوگوں نے حملہ کر دیا تھا۔ اس دوران یہاں تشدد پھوٹ پڑا۔ جس کے بعد علاقے میں کرفیو نافذ ہے۔دریں اثنا مسلم علاقوں میں پولیس کارروائی کے نام پر تشدد کے الزامات بھی عائد کئے جا رہے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق بڑی تعداد میں مسلمانوں نے علاقے سے نقل مکانی بھی کرنےپر مجبور ہوئے ہیں۔