ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں شہید اسماعیل ہنیہ کی قطر میں تدفین

نماز جنازہ دوحہ کی عظیم مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کی گئی،حماس اور الفتح کے رہنماؤں کے علاوہ دنیا بھر کے اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت

 

دوحہ،02 اگست :۔

قطر کے دارالحکومت  دوحہ میں  حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ہنیہ کی ہزاروں سوگواروں  کی موجودگی میں تدفین عمل میں آئی ۔تہران سے اسماعیل ہنیہ کا جسد خاکی قطر پہنچنے میں  قطر کی سب سے بڑی مسجد امام عبد الوہاب میں نماز جنازہ ادا کی گئی ۔جس میں عام لوگوں کے علاوہ قطری اہم شخصیات اور فلسطینی جدو جہد میں سر گرمی حماس کے اعلیٰ عہدیداروں اور الفتح گروپ کے سر کردہ اہم سربراہان نے بھی شرکت کی ۔

رپورٹوں کے مطابق نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد  اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ جس کے لیے دنیا بھر سے اعلیٰ سطح کے وفد بھی پہنچے۔ امیرِ قطر اور ترک وزیر خارجہ نے اسماعیل ہنیہ کی میت کے نزدیک کھڑے ہوکر دعائے مغفرت کی اور حماس رہنما خالد مشعل سے تعزیت کا اظہار کیا۔اسماعیل ہنیہ اور ان کے محافظ وسیم ابو عثمان کی نماز جنازہ دوحہ کی عظیم مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں ادا کی گئی جبکہ تدفین الوسیل کے قبرستان میں عمل میں آئی ۔

اس موقع پر تا حد نگاہ  اسماعیل ہنیہ کے جنازے کے ساتھ  انسانوں کا سیلاب اُمڈ آیا ہے۔ سوگواروں  نے فلسطینی پرچم تھامے ہوئے  تھے اور فضا نعرۂ تکبیر اللہ اکبر اور کلمہ شہادت سے گونج رہی تھی۔تمام راستے شرکا نم آنکھوں کے ساتھ  اسماعیل ہنیہ کو خراج تحسین پیش کرتے رہے۔