ہریدوار:کانوڑیوں کی دہشت گردی،معمولی بات پر بزرگ مسلمان کی کار میں توڑ پھوڑ
منگلور منڈی میں پیش آیا واقعہ،گاڑی بیک کرتے ہوئے کانوڑ سے ٹچ ہو گئی تھی گاڑی،پولیس کی موجودگی میں بزرگ کے ساتھ مار پیٹ بھی کی گئی
نئی دہلی،11جولائی:۔
ان دنوں ساون کا مہینہ چل رہا ہے اور بڑی تعداد میں کانوڑ یاترا پر نکلے ہوئے ہیں ۔ہریدوار میں سڑکوں پر ہر طرف کانوڑیوں کا قبضہ ہے لوگوں کی آمد و رفت میں زبر دست پریشانیوں کا سامنا ہے ۔دریں اثنا ہریدوار میں کانوڑیوں کے ذریعہ ہنگامہ اور توڑ پھوڑ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔کانوڑیوں نے معمولی بات پر گاڑی کو پلٹ دیا اور اس میں توڑ پھوڑ کی۔پولیس کی موجودگی میں گاڑی ڈرائیور بزرگ مسلم سے مار پیٹ بھی کی گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق یہ واقعہ منگل کی سہ پہر کا ہے۔ہری دوار کے منگلور منڈی میں کانوڑ بڑی تعداد میں سڑک پر آرام کر رہے تھے ۔مسلم بزرگ جوڑا گاڑی سے کہیں جا رہا تھا ۔ گاڑی بیک کرتے ہوئے کانوڑ سے ٹچ ہو گیا جس کے بعد وہاں موجود کانوڑیوں نے ہنگامہ کر دیا اور بزر گ جوڑے کو گاڑی سے اتار کر گاڑی میں جم کر توڑ پھوڑ کی ،گاڑی کو پلٹ دیا ۔اس دوران جے شری رام اور ہر ہر مہادیو کے نعرے بازی بھی کی ۔گاڑی ڈرائیوز بزرگ کو بھی زدو کوب کیا گیا۔ تعجب تو یہ ہے کہ اس دوران پولیس جوان بھی موجود تھے مگر انہوں نے کچھ نہیں کیا۔اطلاع کے مطابق وہاں موجود مقامی لوگوں نے مسلم بزرگ کو کسی طرح بچا لیا ۔ گاڑی کو آگ لگانے کی کوشش بھی کی گئی ۔گاڑی اترا کھنڈ نمبر کی ہے ۔UK17D8281
واضح رہے کہ اسی طرح کا معاملہ گزشتہ سال بھی سامنے آیا تھا۔جاٹ رجمنٹ کے سپاہی "کارتک بالیان” نے اتر پردیش اور ہریانہ کے کانوڑیوں کی باہمی لڑائی میں اپنی جان گنوا دی تھی۔ہلاک ہونے والا جوان مظفر نگر کا رہنے والا تھا۔ہریدوار سے گنگاجل کے ساتھ واپس آتے وقت گاڑی کو اوورٹیک کرنے پر دونوں فریقوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ پھر ان کانوڑیوں نے جوان کو بے دردی سے پیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیاتھا۔