ہریانہ : نوجوان اسجد ماب لنچنگ کا شکار ، نماز والی ٹوپی پہننے پر نشانہ بنایا گیا

نئی دہلی ،26 مئی :۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران ملک بھر میں ہندو مسلم اتحاد کی بات کی جا رہی تھی اور ملک کے لئے بلا تفریق مذہب کھڑے ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا تھا لیکن حقیقت اس کے بر عکس ہے ہندو اکثریت یں مسلمانوں سے نفرت انتہا کو پہنچ چکی ہے ۔علی گڑھ میں مبینہ گائے کے گوشت کے شک میں چار مسلمانوں کو بری طرح اور بہیمانہ طریقے سے مارے جانے کا واقعہ سب کی نگاہوں میں ہے ہریانہ کے سونی پت میں محض نماز والی ٹوپی پہننے پر شدت پسندوں نے بہار سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا ۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ نوجوان کا نام فردوس عالم ہے جسے اسجد بابو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، بہار کے کشن گنج ضلع کے کوچدھامن بلاک کے کیری بیر پور گاؤں سے تعلق رکھتا ہے ۔ ہریانہ کے پانی پت ضلع کے فلورا سیکٹر 29 میں بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق، یہ واقعہ ہفتہ 24 مئی کی شام 7-8 بجے کے قریب پیش آیا، جب اسجد اپنے ایک دوست سے ملنے جا رہا تھا۔ اس دوران شیشو لالہ کے نام سے ایک شخص نے اسجد کی ٹوپی اتار دی۔ جب اسجد اسے لینے کے لیے نیچے جھکا تو ملزم نے اس کے سر پر ڈنڈے سے حملہ کر دیا ۔ اسجد کو شدید زخمی حالت میں روہتک کے ایک اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ اگلی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
کوچدھامن کے سابق ایم ایل اے مجاہد عالم اس خبر کے بریک ہونے کے بعد سے سرگرم عمل ہیں۔ وہ صبح سے ہی مقامی رہائشیوں، ہسپتال کے حکام اور پولیس سے رابطے میں رہے۔ ابتدائی طور پر اسجد کا بڑا بھائی، سسر اور بیوی قانونی کارروائی کرنے سے ہچکچا رہے تھے۔ تاہم، اپنے سسر کے ساتھ بات چیت کے بعد، رضوان صاحب – جو اصل میں مالدہ، مغربی بنگال سے ہیں، مجاہد عالم نے خاندان کو باضابطہ شکایت درج کرنے پر راضی کیا۔
مسلم میرر کی رپورٹ کے مطابق مقامی باشندوں کی مدد سے ملزم کو فلورا سیکٹر 29 میں پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ مجاہد عالم اسٹیشن ہاؤس آفیسر سبھاش جی اور اعلیٰ پولیس حکام سے باقاعدہ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے علاقے میں رہنے والی مقامی سیمانچل کمیونٹی کو یقین دلایا ہے جو اس واقعے سے شدید صدمے کا شکار ہیں ، تمام ضروری تعاون فراہم کیا جائے گا۔
فلورا سیکٹر 29 پولیس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر 288/2025، مورخہ 25 مئی 2025 کو دفعہ 103(1) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے تفتیش کے طور پر جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ مجاہد عالم نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان پر غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت فرد جرم عائد کی جائے اور تیز رفتار ٹرائل کے ذریعہ انہیں موت کی سزا سنائی جائے۔
دریں اثنا پوسٹ مارٹم کے بعد اسجد کی لاش کو رات گئے فلورا سیکٹر 29 کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔سابق ایم ایل اے نے ہریانہ اور بہار دونوں حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سوگوار خاندان کو مناسب معاوضہ فراہم کریں اور انصاف کی جلد فراہمی کو یقینی بنائیں۔