ہریانہ میں بی جے پی حکومت  کی ’سوغات  عید‘،عید کی چھٹی منسوخ  

ریاستی حکومت نےعید کی چھٹی کو گزیٹڈ تعطیل سے تبدیل کر کے ریسٹریکٹیڈ تعطیل کر دیا ہے

نئی دہلی ،چنڈی گڑھ، 28 مارچ :۔

مرکز کی بی جے پی حکومت اس بار لاکھوں غریب مسلمانوں کو سوغات عید تقسیم کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔اس سوغات عید کے ذریعہ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ وہ غریب مسلمانوں کو عید کی خوشیاں منانے میں تعاون کر رہی ہے۔32 لاکھ مسلمانوں میں یہ کٹ تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ دریں اثنا ہریانہ کی بی جے پی حکومت نے مسلمانوں کو عید کی اچھی سوغات دی ہے اور اس بار عید کی چھٹی ہی منسوخ کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہریانہ حکومت نے عید کے موقع پر عام تعطیل منسوخ کر دی ہے۔ چیف سیکرٹری کی جانب سے اس سلسلے میں احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب ریاست میں عید کی تعطیلات منسوخ کی گئی ہیں۔

ہریانہ کے چیف سکریٹری انوراگ رستوگی نے  جمعرات  کو ایک خط جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 25-2024 کے اختتام کی وجہ سے یہ چھٹی منسوخ کردی گئی ہے۔ 29 اور 30 ​​مارچ ویک اینڈ ہیں اور 31 مارچ مالی سال کا آخری دن ہے۔

اس سال کے شروع میں ہریانہ حکومت کے جاری کردہ کیلنڈر میں 31 مارچ کو گزیٹیڈ چھٹی قرار دیا گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے جنوری کے مہینے میں جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں مارچ کے مہینے میں 3 گزیٹیڈ چھٹیاں ظاہر کی گئیں۔ ان میں 14 مارچ بروز جمعہ ہولی کی چھٹی، 23 مارچ بروز اتوار شہیدی دیوس اور پیر 31 مارچ کو عید الفطر کی تعطیل شامل تھی۔ ان میں ریاستی دفاتر میں ہولی اور شہیدی دیوس پر تعطیل تھی لیکن عید کی چھٹی کو گزیٹڈ تعطیل سے تبدیل کر کے ریسٹریکٹیڈ تعطیل کر دیا گیا ہے۔