ہریانہ:نوح میوات کےمسلم اکثریت حلقے میں کانگریس کے پانچوں مسلم امیدواروں کی جیت
نئی دہلی ،08 اکتوبر :۔
ہریانہ کے نتائج بی جے پی کے علاوہ تمام سیاسی پارٹیوں کے لئے حیران کن اور حیرت انگیز ہے،کیونکہ اس طرح کے نتیجے کا کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ ہریانہ میں جس طریقے سے کسانوں اور بے روز گاری کا مسئلہ عروج پر تھا اس سے کسی نے بھی ایسے نتائج کی امید نہیں کی تھی ۔ اس لئے نتائج کے اعلان کے فوراً بعد کانگریس نے سوال اٹھائے ہیں اور چھیڑ چھاڑ جیسے سنگین الزامات عائد کئے ہیں ۔ اگر چہ کانگریس کو نتائج میں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن نوح اور میوات کے مسلم اکثریتی علاقے میں کانگریس نے جن مسلمانوں کو ٹکٹ دیا تھا اور جن پر بھروسہ کیا تھا انہوں نے جیت درج کر کے کانگریس کے اعتماد کو مزید مضبوط کیاہے۔
میوات کے کانگریسی خیمہ میں نتائج سے صاف طور پر مایوسی پائی جا رہی ہے، لوگوں میں اپنے امیدواروں کو جتا کر بھی اقتدار میں کانگریس کے نہ آنے پر مایوسی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ میوات میں کانگریس پارٹی نے جن پانچ امیدواروں کو ٹکٹ دیا تھا وہ تمام امیدواروں نے بڑی اور بہترین مارجن سے جیت درج کی ہے ۔
واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے ریاست میں پانچ ٹکٹ دیے تھے، جس میں سے چار ٹکٹ میوات میں جبکہ ایک ٹکٹ شمالی ہریانہ کے جگادہری ضلع یمنا نگر سے اکرم خان کو دیا تھا، اس طرح مجموعی طور پر کانگریس نے پانچ ٹکٹ دیکر پانچ مسلمانوں کو ہریانہ میں میدان اتارا تھا ، جس میں سبھی پانچوں کانگریس کے امیدواروں نے اچھی کارکردگی کرتے ہوئے پانچوں سیٹوں کو اچھے مارجن سے فتح حاصل کی ہے۔نوح اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے آفتاب احمد نے اپنے سیاسی حریف آئی این ایل و بی ایس پی اتحاد کے امیدوار طاہر حسین کو 46963 سے ہرا کر جیت درج کی ہے، وہیں کانگریس کے مامن خان نے 98441 سے بی جے پی کے نسیم احمد کو ہرا کر فیروز پور جھرکہ اسمبلی سے بڑی جیت درج کی ہے ،جبکہ نوح ضلع کے پنہانہ اسمبلی حلقہ سے چوہدری محمد الیاس نے 31916 سے اپنے مد مقابل آزاد امیدوار رہیسہ خان کو یہاں سے شکست فاش دی ہے ۔ یہاں شروع شروع میں مقابلہ کافی دلچسپ بتایا جا رہا تھا لیکن آخری دنوں میں چوہدری محمد الیاس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کافی مضبوط پوزیشن حاصل کر لی تھی ۔ضلع پلول کی ہتھین اسمبلی سیٹ سے چوہدری محمد اسرائیل خان صاحب نے 32396 ہزار ووٹوں سے بی جے پی کے منوج کمار کو ہرا کر قابل ذکر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ جگادہری اسمبلی حلقہ ضلع یمنا نگر سے اکرم خان نے بی جے پی کے کنور پال کو 6868 ہزار ووٹوں سے شکست دی ہے، سوہنا اسمبلی حلقہ سے چوہدری جاوید احمد 11817 ووٹوں سے بی جے پی کے تیج پال تنور سے ہار گئے ہیں یہاں چوہدری جاوید نے 49171 ووٹ حاصل کیے تھے تاہم جیت کے قریب پہنچ کر چوہدری جاوید معمولی فاصلے سے دوسری بار ہارے ہیں۔