ہریانہ:نام نہاد گؤ رکشکوں کی درندگی کا شکار صابر علی کی اہلیہ کو ممتا بنرجی حکومت نے ملازمت دی
نئی دہلی ،کولکاتہ، 4 ستمبر ـ:
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہریانہ میں نام نہاد گو ٔ رکشکوں کے تشدد اور ظلم کا شکار ہونے والے مہاجر مزدور صابر ملک کی اہلیہ شکیلہ سردار ملک کو نوکری دے دی ہے۔ شکیلہ بدھ کو اپنی چار سالہ بیٹی کے ساتھ نابنا میں وزیر اعلیٰ سے ملنے آئی تھیں۔ چونکہ صابر ملک جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے بسنتی کے رہنے والے تھے، اس لیے ان کی بیوی کو بسنتی بلاک کے اراضی اور زمینی اصلاحات کے محکمے میں نوکری دی گئی ہے۔ شکیلہ کو پہلے اس محکمے میں بطور اٹینڈنٹ تعینات کیا جائے گا اور ایک سال بعد انہیں گروپ ڈی میں ترقی دی جائے گی۔ اس موقع رپ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کو شکیلہ کو تقرری کا لیٹر سونپا۔
قابل ذکر ہے کہ صابر ملک کو 27 اگست کو ہریانہ کے چرخی دادری ضلع کے بدھرا تھانہ علاقے میں نا م نہاد گؤ رکشک غنڈوں نے گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا اور ایک دوسرے کو بے رحمی سے مار کر زخمی کر دیا تھا۔اس پورے واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں گؤ رکشک غنڈے دونوں کو بری طرح پیٹ رہے تھے۔
خیال رہے کہ صابر روزگار کی تلاش میں جنوبی 24 پرگنہ کے بسنتی سے ہریانہ گیا تھا۔ وہ وہاں جھگی لگا کر کوڑا چننے کا کام کرتا تھا ۔ اس واقعہ کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے صابر کے خاندان کے ایک فرد کو نوکری دینے کا وعدہ کیا تھا جسے انہوں نے 10 دن کے اندر پورا کیا۔
ترنمول کانگریس کے ترجمان کنال گھوش نے پیر کی صبح سوشل میڈیا کے ذریعے وزیر اعلیٰ کے اس فیصلے کی جانکاری دی۔ اس اندوہناک واقعہ کی معلومات کے بعد، ممتا بنرجی نے ترنمول کانگریس کے ایک وفد کو متاثرہ کے خاندان سے ملنے کے لئے بھیجا تھا۔اتوار کو ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سمیر الاسلام سمیت ایک وفد نے بسنتی جا کر صابر کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ہریانہ پولس نے اس معاملے میں ایک نا بالغ سمیت پانچ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔اس اندوہناک واقعہ کے بعد پورے ملک میں چرچہ رہا ۔اس معاملے میں ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نے انتہائی شرمناک بیان دیتے ہوئے گؤ رکشک غنڈون کا دفاع کیا اور کہا کہ گائے سے لوگوں کے جذبات جڑے ہوئے ہیں ۔