
ہالینڈ:ہیگ میں موٹر سائیکل سواروں نے فلسطین کی حمایت میں ریلی نکالی
ریلی کا اہتمام فری فلسطین بائیکرز نامی ایک گروپ نے کیا تھا اس ریلی میں ہالینڈ کے پڑوسی ممالک جرمنی اور بیلجیئم سے بھی لوگ شامل ہوئے
ہیگ ،یکم ستمبر :۔
غزہ میں انسانی بحران اور بھوک مری کے بڑھتے خدشات کے درمیان پوری دنیا میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔دریں اثنا ہالینڈ کے ہیگ میں سینکڑوں موٹر سائیکل سواروں نے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک انوکھی ریلی نکالی۔ریلی کا اہتمام فری فلسطین بائیکرز نامی ایک گروپ نے کیا تھا اور اس میں نہ صرف ہالینڈ بلکہ پڑوسی ممالک جرمنی اور بیلجیئم سے بھی لوگ شامل تھے۔شہر کے مرکزی راستوں سے ایک قافلہ بنانے سے پہلے رائڈرز مالیویلڈ اسکوائر پر جمع ہوئے۔یہ جلوس بین الاقوامی عدالت انصاف اور ڈچ پارلیمنٹ سمیت متعدد مقامات سے گزرا۔بہت سے سواروں نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے اور روایتی کیفیہ اسکارف پہنے ہوئے تھے۔
قافلہ بعد ازاں اپنے ابتدائی مقام پر واپس آیا جہاں پر ریلی پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے لے کر اب تک اسرائیل کی جارحیت میں تقریباً 63,500 فلسطینی مارے جا چکے ہیں ۔
گزشتہ نومبر میں، بین الاقوامی فوجداری عدالت نے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور ان کے سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔