گیان واپی مسجد کیمپس میں سروے کیلئے اے ایس آئی کومزید چار ہفتے کاملاوقت
وارانسی ضلعی جج کی عدالت نےیہ مشروط حکم دیا کہ اس کے بعد سروے کی مدت نہیں بڑھائی جائے گی
وارانسی،نئی دہلی، 05 اکتوبر
عدالت نے گیانواپی کمپلیکس میں سروے کے لیے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کو مزید چار ہفتے کا وقت دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ جج کی عدالت نے جمعرات کو یہ مشروط حکم دیا کہ اس کے بعد سروے کی مدت نہیں بڑھائی جائے گی۔
اے ایس آئی ٹیم کی جانب سے مرکزی حکومت کے اسٹینڈنگ کونسل امت کمار سریواستو نے گزشتہ بدھ کو ڈسٹرکٹ جج ڈاکٹر اجے کرشنا وشویش کی عدالت میں سروے کے لیے مزید چار ہفتے دینے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست کی سماعت کے بعد ڈسٹرکٹ جج نے مدت میں توسیع کا حکم دیا۔ اس سے پہلے اے ایس آئی کو گیانواپی کمپلیکس میں جاری سروے کی رپورٹ 06 اکتوبر کو داخل کرنی تھی۔ مدعا علیہ نے سروے کی مدت میں دوسری بار توسیع پر اعتراض کیا۔
دوسری طرف گیانواپی کے دیگر تمام معاملات کی سماعت اب 12 اکتوبر کو ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ 21 جولائی کو ضلعی عدالت نے گیانواپی میں اے ایس آئی سروے کی رپورٹ 4 اگست تک داخل کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد 24 جولائی کو سروے شروع ہونے کے بعد مدعا علیہ کی درخواست پر پہلے سپریم کورٹ اور پھر الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کی وجہ سے سروے کا کام 3 اگست تک روک دیا گیا تھا۔ ایسے میں اے ایس آئی کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ کورٹ سے درخواست کی کہ سروے مکمل کرنے کے لیے چار ہفتے کا مزید وقت دیا جائے۔ عدالت نے 5 اگست کو سروے رپورٹ جمع کرانے کے لیے مزید 4 ہفتوں کی مہلت دے دی۔ اس کے بعد 8 ستمبر کو ضلع عدالت نے اے ایس آئی کو سروے کا کام مکمل کرنے کے لیے مزید چار ہفتے کا وقت دیا تھا۔