گیان واپی مسجد:سپریم کورٹ نے 26 جولائی تک اے ایس آئی سروے پر لگائی عبوری روک
مسجد فریق کو ہائی کورٹ جانے کا حکم،مستقل طور پر سروے پر روک لگانے سے انکار،بدھ شام پانچ بجے تک روک بر قرار رہے گی
نئی دہلی،24جولائی :۔
وارانسی کے گیان واپی مسجد کے سروے معاملے میں آج سپریم کورٹ نے 26 جولائی تک عبوری روک لگا دی ہے سپریم کورٹ نے اس معاملے میں مسجد فریق کو ہائی کورٹ جانے کا حکم دیا ہے ۔ سپریم کورٹ کا یہ حکم بدھ کی شام پانچ بجے تک نافذ العمل رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق پیر کو اس معاملے کی سماعت کے دوران مسلم فریق کی جانب سے کہا گیا کہ ضلع یکورٹ کے حکم کے بعد اے ایس آئی سروے کیا جا رہا ہے ۔ سروے میں کھدائی سے مسجد کو نقصان پہنچ سکتا ہے جو سپریم کورٹ کے پرانے حکم کی خلاف ورزی ہے ۔اس پر کورٹ نے پوچھا کہ آپ اس معاملے کو لے کر ہائی کورٹ کیوں نہیں گئے۔ مسجد فریق کی جانب سے کہا گیا کہ ضلع عدالت نے حکم اتنی جلد بازی میں جاری کیا ہے کہ سروے شروع ہونے کے بعد اس کے پاس ہائی کورٹ جانے کا وقت نہیں تھا۔ کورٹ نے پہلے اس معاملے کو دو بجے تک سماعت کے لئے ٹال دیا لیکن بعد میں اس معاملے کی سماعت کی ۔
سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے یو پی حکومت سے پوچھا کہ آخر ابھی اے ایس آئی کیا کر رہی ہے اور وہاں کیا ہو رہا ہے؟ کورٹ نے پوچھا کہ کیا وہاں کھدائی ہو رہی ہے ۔ سی جے آئی ڈی وائی چندر چوڑ نے اے ایس آئی کو سوا گیارہ بجے کورٹ میں پیش ہو کر سروے کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کو کہا۔ اس پر سالیسٹر جنرل کی جانب سے کہا گیا کہ فی الحال گیان واپی مسجد میں سروے کے دوران ایک اینٹ بھی نہیں ہٹائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گیان واپی مسجد کا انتظام دیکھنے والی انجمن کمیٹی نے کاشی وشو ناتھ مندر سے ملحق مسجد کیمپس کے سروے کےلئے وارانسی ضلع عدالت کے حکم کے خلاف عرضی دائر کی ہے ۔ یو پی حکومت کے وکیل تشار مہتا نے بتایا کہ سروے جدید تکنیک سے ہوگا ۔ اس میں کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ مہتا نے کہا کہ ایک ہفتہ تک کسی طرح کا نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ تب تک یہ ہائی کورٹ جا سکتے ہیں لیکن مسلم فریق کے وکیل حذیفہ احمدی نے زور دے کر سروے روکنے کی مانگ کی ۔
خیال رہے کہ وارانسی ضلعی کورٹ کے حکم کے بعد صبح 7 بجے سے گیان واپی کیمپس میں اے ایس آئی کا سروے جاری ہے ۔ ضلع کورٹ نے اے ایس آئی کو سروے کر کے اس کی رپورٹ 4 اگست تک کورٹ میں پیش کرنے کو کہا ہے ۔ اے ایس آئی کی 43 سرویئر کی ٹیم سروے کر رہی ہے ۔ اے ایس آئی جدید تکنیک سے پورے کیمپس کا سروے کرے گی حالانکہ وضو خانہ کا سرو ے نہیں کیا جائے گا۔