گیان واپی جامع مسجد:تہہ خانے میں پوجا کے خلاف مسلمانوں کا احتجاج ،کاروباراور دکانیں بند
جمعہ کے پیش نظر بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار تعینات،انتظامیہ کمیٹی کی مسلمانوں سے پر امن طریقے سے خصوصی دعاؤں کی اپیل
وارانسی،02فروری:۔
جامع مسجد گیان واپی کے سلسلے میں ضلعی عدالت کی جانب سے پوجا کی اجازت دینے اور تہہ خانے میں باقاعدہ پوجا کے آغاز سے مقامی مسلمانوں میں ہی نہیں بلکہ ملک بھر کے مسلمانوں میں مایوسی ہے۔تہہ خانے میں پوجا کی اجازت کے خلاف انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے آج جمعہ کو احتجاجاً مقامی مسلمانوں سے بند کی اپیل کی ہے۔مسلمان آج کاروبار بند کر کے بڑی تعداد میں مسجد میں نماز جمعہ میں شامل ہوں گے۔ اس سلسلے میں پولیس نے بھی سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔ بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ نماز جمعہ کے حوالے سے پولیس انتہائی چوکس ہے اور حساس علاقوں میں فلیگ مارچ کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ کے دن اپنی دکانیں اور کاروبار بند رکھیں۔ انجمن کے جنرل سکریٹری عبدالباطن نعمانی نے جمعرات کی شام جاری کردہ ایک اپیل میں کہا، ‘وارنسی کے ضلع جج کے فیصلے کی بنیاد پر گیانواپی مسجد کے جنوبی تہہ خانے میں عبادت شروع ہو گئی ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے مختلف مسلم تنظیموں نے اپیل جاری کی ہے۔ اس کے تحت 2 فروری کو مسلمان پرامن طریقے سے اپنے کاروبار اور دکانیں بند رکھیں اور خصوصی نماز پڑھیں۔
اپیل میں ملک بھر کے مسلمانوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے شہروں اور علاقوں میں خصوصی دعاؤں کے انتظامات کریں۔ اپیل میں کہا گیا کہ اس دوران مکمل امن و امان برقرار رکھا جائے، مسلمان اسی مسجد میں جائیں جہاں وہ عام طور پر نماز جمعہ ادا کرنے جاتے ہیں۔ مسلم خواتین سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں میں عبادت کریں اور شادی کی تقریبات اور دیگر پروگرام سادگی کے ساتھ منعقد کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گیانواپی مسجد کے تہہ خانے میں راتوں رات پوجا کے فوری بعد مسلم فریق نے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ مسلم فریق نے سپریم کورٹ سے وارانسی عدالت کے حکم پر روک لگانے کی درخواست کی۔ مگر الہ آباد ہائی کورٹ جانے کی ہدایت دی گئی ۔الہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی اور رجسٹرار جنرل سے جلد سماعت کی اپیل کی گئی ہے۔