گیانواپی مسجد معاملہ: ہائی کورٹ نے 3 اگست تک فیصلہ محفوظ ، تب تک اے ایس آئی سروے پر پابندی

نئی دہلی ،28جولائی :۔

الہ آباد ہائی کورٹ نے گیان واپی مسجد کمپلیکس کے اے ایس آئی کے سروے پر جمعرات (3 اگست) تک روک لگا دی ہے۔ گیانواپی مسجد کیس میں اے ایس آئی سروے کے حکم کو چیلنج کرنے والی انجمن  انتظامیہ مسجد کمیٹی کی درخواست پر الہ آباد ہائی کورٹ اپنا فیصلہ سنائے گی۔

الہ آباد ہائی کورٹ نے گیان واپی سروے کیس میں جمعرات کو اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔ چیف جسٹس پریتنکر دیواکر کی بنچ نے دونوں فریقوں کو سننے کے بعد یہ حکم دیا۔الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پریتنکر دیواکر نے وارانسی میں گیانواپی کیمپس کے سائنسی سروے کے معاملے میں جمعرات کو سماعت مکمل کرنے کے بعد کہا کہ فیصلہ 3 اگست کو سنایا جائے گا، تب تک سروے پر روک رہے گی۔

خیال رہے کہ انجمن مسجد کمیٹی نے وارانسی عدالت کے اس حکم کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیاتھا، جس میں اے ایس آئی کو مسجد کے احاطے (وضو خانہ کے علاوہ) کا سروے کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔یہ حکم 4 ہندو خواتین کی طرف سے دائر درخواست پر دیا گیا، جو ضلعی عدالت میں دائر مقدمے کی فریق ہیں، جس میں مسجد کے احاطے میں عبادت کے لیے سال بھر اجازت دینے  کا مطالبہ کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق عدالت میں فریقین کے دلائل سنے گئے۔ قانونی حقائق کے ساتھ تاریخی حقائق کو بھی رکھا گیا۔ سماعت کے آغاز پر، ہندوستان کے محکمہ آثار قدیمہ (اے ایس آئی) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے عدالت کو بتایا کہ اے ایس آئی کسی بھی حصے کی کھدائی نہیں کر رہے ہیں۔چیف جسٹس نے پوچھا کہ کھدائی سے آپ کا کیا مطلب ہے؟ اے ایس آئی اہلکار نے جواب دیا کہ ڈیٹنگ اور آثار قدیمہ سے متعلق کسی بھی سرگرمی کو کھدائی کہا جاتا ہے، لیکن ہم یادگار کے کسی حصے کو کھدائی کرنے نہیں جا رہے ہیں۔

تمام فریقین کو سننے کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ 3 اگست تک محفوظ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک فیصلہ نہیں آتا، اے ایس آئی کے سروے پر پابندی برقرار رہے گی۔مسلم فریق نے عبادت گاہوں کے ایکٹ 1991 کا حوالہ دیا۔ سینئر ایڈوکیٹ ایس ایف اے نقوی، انجمن انتظامیہ وارانسی کی طرف سے پیش ہوئے، کہا کہ 15 اگست 47 کو مذہبی مقامات کی حیثیت میں تبدیلی پر پابندی ہے۔لائیو  لا کی رپورٹ کے مطابق، سپریم کورٹ نے 24 جولائی کو اے ایس آئی کے سروے پر 26 جولائی کی شام 5 بجے تک روک لگا دی تھی، تاکہ مسجد کمیٹی کو ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا وقت مل سکے۔

انجمن کمیٹی نے کل ہائی کورٹ کے سامنے دلیل دی کہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کبھی بھی اس مقدمے میں فریق نہیں تھا اور نہ ہی وارانسی کی عدالت نے اس پر کبھی غور  کیا اور پھر بھی ضلع جج نے اسے مسجد کمپلیکس کا سروے کرنے کی ہدایت دے دی۔