گیانواپی مسجد معاملہ :اے ایس آئی نےسروے رپورٹ سونپنے کیلئے مزید تین ہفتوں کا وقت مانگا
وارانسی،28 نومبر :۔
محکمہ آثار قدیمہ (اے ایس آئی) نے وارانسی میں گیانواپی مسجد کے سائنسی سروے کی رپورٹ سونپنے کے لیے مزید تین ہفتوں کا وقت مانگا ہے۔ خیال رہے کہ سروے کا کام تقریباً ایک مہینے پہلے ختم ہو گیا تھا لیکن اے ایس آئی تاحال رپورٹ عدالت میں سونپنے سے قاصر ہے۔
عدالت نے اے ایس آئی کو گزشتہ 18 نومبر کو بھی رپورٹ سونپنے کے لئے 10 دنوں کی مہلت دی تھی۔ اے ایس آئی نے 15 دنوں کی مہلت مانگی تھی لیکن عدالت اس سے انکار کرتے ہوئے محض 10 دن کی مہلت دی تھی۔
اے ایس آئی نے گیانواپی مسجد کے سروے کا کام 4 اگست کو شروع کیا تھا لیکن مسجد کے وضوخانہ کو اس سے علیحدہ رکھا گیا تھا، جسے سپریم کورٹ کے حکم پر سیل کر دیا گیا تھا۔لیکن ایک بار پھر اے ایس آئی نے رپورٹ پیش کرنے کے بجائے مزید وقت مانگا ہے ۔