گوری لنکیش قتل کیس: گرفتار کیے گئے تمام ملزمین ضمانت پر باہر
نئی دہلی،11 جنوری :۔
بنگلورو کی ایک عدالت نے گوری لنکیش قتل کیس میں حراست میں لیے گئے آخری ملزم شرد بھاؤ صاحب کلسکر کو ضمانت دے دی ہے ۔کلکسر اس معاملے میں ضمانت پانے والا آخری ملزم تھا ۔ اس طرح گوری لنکیش قتل کیس کے تمام ملزمین ضمانت پر باہر آ چکے ہیں۔
معلوم ہو کہ 55 سالہ صحافی گوری لنکیش کو 5 ستمبر 2017 کو ان کے گھر کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا ۔گوری لنکیش قتل معاملہ سرخیوں میں رہا کیوکہ اس قتل میں ملزم ملزمین کا تعلق ایک ایسی انتہا پسند ہندو تنظیم سے تھا جو ملک کو ہندو راشٹر بنانے کا عزم رکھتی ہے۔
بار اینڈ بنچ کی رپورٹ کے مطابق، تازہ فیصلہ پرنسپل سٹی سول اینڈ سیشن جج مرلی دھر پائی بی نے بدھ (8 جنوری) کو جاری کیا، جس میں کلسکر کو سخت شرائط کے ساتھ ذاتی مچلکے پر رہا کرنے کی اجازت دی گئی۔
ملزم، جو 4 ستمبر 2018 سے زیر حراست ہے، نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 439 کے تحت باقاعدہ ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ دفاع نے اس کیس میں 16 شریک ملزمان کی ضمانت پر رہائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کلسکر کی طویل حراست مناسب نہیں ہے۔
اس کیس میں 18 ملزمان شامل ہیں، جن پر گوری لنکیش کے قتل کے لیے ذمہ دار ایک منظم جرائم کا حصہ ہونے کا الزام ہے۔ استغاثہ نے دعویٰ کیا کہ کلسکر دیگر ملزمان کو ہتھیار چلانے اور بم بنانے کی تربیت دینے میں ملوث تھا۔
ضمانت دیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ کلسکر کا کردار قتل کے عمل سے براہ راست منسلک نہیں ہے، ساتھ ہی عدالت نے مساوات کے اصول پر زور دیا دیا کیونکہ 18 شریک ملزمان میں سے 16 پہلے ہی ضمانت پر باہر ہیں۔ ایک اور ملزم وکاس پاٹل مفرور ہے اور اسے ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔