گورکھپور: چوری کے شبہ میں مار پیٹ کے بعد مسلم شخص کی لاش برآمد، پولیس کی تحقیقات جاری

نئی دہلی ،18 اگست :۔
گورکھپور کے گگہا تھانہ علاقہ کے بڈگو گاؤں کے رہنے والے مشتاق علی کی لاش ہفتہ کی صبح ٹھٹھولی گاؤں میں سڑک کے کنارے پڑی ہوئی ملی۔ صبح کی سیر کے لیے نکلے مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی جس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ مشتاق کو گاؤں والوں کے ایک گروپ نے بے دردی سے مارا پیٹا۔ یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس کی موت اس حملے کے بعد ہوئی جو مبینہ طور پر چوری کے شبہ میں کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ انہوں نے مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔
دریں اثنا کچھ لوگوں نے اس کے بر عکس دعویٰ کیا ہے ۔ جبار علی، اوم پرکاش اور دیپک سنگھ کے مطابق مشتاق کچھ عرصے سے ذہنی بیماری میں مبتلا تھے اور ان کا علاج چل رہا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایک دن پہلے پولیس اسٹیشن بھی گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اسٹیشن انچارج سشیل کمار چورسیا نے بتایا کہ جسم پر کوئی بیرونی زخم کے نشانات نظر نہیں آرہے ہیں اور موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد تصدیق کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام زاویوں سے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔