گمراہ کن اشتہار کے معاملے میں بابا رام دیو کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری  

کیرالہ کی ایک عدالت نےڈرگ ریگولیٹرز کی طرف سے پتنجلی آیوروید کے خلاف دائر کی گئی شکایت کے بعد جاری کیا

نئی دہلی،21 جنوری :۔

کیرالہ کی ایک عدالت نے پتنجلی آیوروید کے شریک بانی بابا رام دیو اور آچاریہ بال کرشنا کے خلاف کمپنی کے مبینہ طور پر گمراہ کن اشتہارات کی اشاعت کے سلسلے میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، عدالت نے یہ قدم کیرالہ کے ڈرگ ریگولیٹرز کی طرف سے پتنجلی آیوروید کے خلاف دائر کی گئی شکایت کے بعد اٹھایا ہے۔یہ گرفتاری وارنٹ یوگا گرو بابا رام دیو اور ان کے ساتھی آچاریہ بال کرشنا کے خلاف صحت کی دیکھ بھال سے متعلق مصنوعات پر گمراہ کن اشتہارات کے معاملے میں جاری کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پلکڑ  ڈسٹرکٹ کورٹ نے یہ وارنٹ گزشتہ جمعرات (16 جنوری) کو جاری کیا تھا۔

پتنجلی کے اشتہارات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پتنجلی آیوروید کی کچھ مصنوعات ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس جیسی بیماریوں کا علاج کر سکتی ہیں۔ جبکہ ڈی ایم آر ایکٹ کے تحت ایسے اشتہارات پر پابندی ہے۔شکایت کنندہ کے وی بابو نے سال 2022 میں کئی مرکزی اور ریاستی حکام سے اس کی شکایت کی تھی اور جنوری 2024 میں وزیر اعظم کے دفتر کو بھی اپنی شکایات بھیجی تھیں۔

پلکڑ  میں جوڈیشل فرسٹ کلاس مجسٹریٹ II نے 16 جنوری کو وارنٹ جاری کیا کیونکہ وہ ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کے باوجود عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔

بار اینڈ بنچ کے مطابق، ان کے خلاف درج مقدمہ میں الزام لگایا گیا ہے کہ پتنجلی آیوروید کی ایک ایسوسی ایٹ دیویہ فارمیسی کے ذریعہ شائع کردہ اشتہارات نے منشیات اور معجزاتی علاج (قابل اعتراض اشتہارات) ایکٹ، 1954 کی دفعات کی خلاف ورزی کی ہے۔