گزشتہ ماہ جامعہ کیمپس میں تشدد کامعاملہ ، چھ طلبا کا اخراج، 20 کو وجہ بتاؤ نوٹس

 

دہلی،24 مئی :۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں گزشتہ ماہ پیش آئے پر تشدد واقعہ میں  جامعہ ملیہ اسلامیہ  کی انتظامیہ نے  سخت قدم اٹھاتے ہوئے پرتشدد واقعات میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں چھ طلباء کا یونیورسٹی سے اخراج کردیا ہے اور انہیں تین سال تک یونیورسٹی میں کسی بھی کورس میں داخلہ لینے سے روک دیا ہے۔ یونیورسٹی نے اس واقعے کے سلسلے میں 20 دیگر طلباء کو بھی وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ یہ تادیبی کارروائی 25 اپریل کو کیمپس کے گیٹ نمبر 8 کے اندر دین دیال اپادھیائے اسکل سینٹر کے قریب طلبہ کے دو گروپوں کے درمیان پرتشدد جھڑپ کے بعد کی گئی ہے۔

نوٹس کے مطابق یہ تنازع بڑے پیمانے پر تشدد میں بدل گیا تھا، جس میں طلباء اور باہر کے افراد نے مبینہ طور پر ایک دوسرے پر حملہ کرنے کے لیے لاٹھیوں، پتھر اور دیگر خطرناک ہتھیاروں کا استعمال کیا اور کیمپس کا امن و امان بگاڑنے کی کوشش کی۔

نکالے گئے چھ طلباء کا تعلق مختلف کورسز سے ہے جن میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز، فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، ایم بی اے اور فیکلٹی آف یوگا اسٹڈیز شامل ہیں۔ ان کے اخراج کی مدت مختلف ہے، کم از کم چار طلبہ کے لیے زیادہ سے زیادہ تین سال اور ان میں سے دو کے لیے ایک سال۔ تادیبی کارروائی میں کیمپس سے نکالے گئے طلباء کو ہدایت دی گئی کہ وہ یونیورسٹی کے شناختی کارڈ جمع کرائیں اور ایک ہفتے کے اندر ہاسٹل خالی کر دیں۔