گجرات: چوری کے شبہ میں 21 سالہ نوجوان کو پیٹ پیٹ کر مار دیا، ایک شدید زخمی
نئی دہلی ،21 اکتوبر:۔
گجرات کے شہر وڈودرا میں چور ی کے شبہ میں 21 سالہ مسلم نوجوان کو ہجوم نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔واقعہ وارسیہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں متوفی کی شناخت شہباز خان سلیم خان پٹھان اور 20 سالہ عمران ٹیلیا والا کے نام سے ہوئی ۔
پولیس کے بیان کے مطابق، 19 اکتوبر ہفتہ کی رات دیر گئے پٹھان اور تیلیا والا کو علاقائی مکینوں نے پکڑ لیا ۔دونوں پر ڈکیتی کی منصوبہ بندی کا شبہ تھا۔ جب مقامی لوگوں نے ان سے پوچھ گچھ شروع کی تو انہوں نے مبینہ طور پر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ تیلیا والا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ پٹھان کو ہجوم نے پکڑ لیا اور جم کر پٹائی کی ۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور حالات پر قابو پانے کی کوشش کی۔ افراتفری میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس پٹھان اور تیلیا والا کو قریبی سرکاری اسپتال لے گئی جہاں پٹھان کو مردہ قرار دے دیا گیا اور تیلیاوالا کا علاج جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) پنا مومایا نے دعویٰ کیا کہ یہ لوگ چوری شدہ دو پہیہ گاڑی پر اس علاقے میں آئے تھے اور مبینہ طور پر چوری کرنے کے ارادے سے گھوم رہے تھے۔
پولیس افسر نے کہا کہ “دو آدمی چوری شدہ موٹر سائیکل پر سوار آئے۔ انہوں نے دو پہیہ گاڑی کھڑی کی اور ایک ساتھ چل رہے تھے جب کچھ لوگوں نے ان سے پوچھا کہ اتنی رات گئے وہ وہاں کیا کر رہے ہیں ۔اس پر وہ دنوں بھاگنے کی کوشش کرنے لگے۔ دونوں کو ہجوم نے پکڑ لیا اور مارا پیٹا۔ تاہم، تیلیاوالا حملے کے دوران جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دریں اثنا، وڈودرا سٹی پولیس اسٹیشن نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کے الزام میں بی این ایس کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔پولیس نے کہا کہ “ہم ملزمان کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہے ہیں اور وہ ہتھیار بھی جو ان پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔ عوام کو قانون اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے تھا۔ تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں اور ان کا علاج چل رہا ہے،‘‘