گجرات میں 50,000 دلت ہندو مذہب ترک کر بدھ مت اپنائیں گے
معروف دلت تنظیم سویم سینک دل کے منتظمین کا دعویٰ،14 اپریل کو امبیڈکر جینتی پر پروگرام کا انعقاد ،15 ہزار لوگ پہلے ہی کلکٹر آفس میں تبدیلی مذہب کے لئے درخواستیں داخل کر چکے ہیں
نئی دہلی،09اپریل:
آنے والے 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی ہے اس موقع پر ملک بھر میں دلت تنظیموں اور آئین ساز ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے نظریات سے متاثر ادارے متعدد پروگرام کا انعقاد کرتے ہیں۔ڈاکٹر امبیڈکر کے نظریات پر چلنے کا عہد کرتے ہیں۔اس بار 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی کے موقع پر گجرات میں دلتوں کا عظیم اجتماع ہونے جا رہا ہے ۔جس میں منتظمین نے دعویٰ کیا ہے کہ 50 ہزار سے زائد دلت ہندو مت کو چھوڑ کر بدھ مت اپنائیں گے۔
مکتوب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امبیڈکر جینتی، 14 اپریل کو گجرات کے دارالحکومت میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں دلت ہندو برادریوں کے 50,000 سے زیادہ لوگوں کے بدھ مت قبول کرنے کی توقع ہے۔کنامک ٹائمز کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ راجکوٹ کی دلت تنظیم سویم سینک دل (ایس ایس ڈی) نے دعویٰ کیا کہ 1,00,000 لوگ پروگرام میں شرکت کریں گے، جس میں بھیم راؤ امبیڈکر کے یوم پیدائش کے موقع پر ایک ریلی کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ ایس ایس ڈی کے منتظمین نے بتایا کہ 50,000 لوگوں نے تصدیق کی کہ وہ اس دن ہندو مذہب کو ترک کر کے بدھ مت اپنائیں گے۔سویم سینک دل تنظیم سے جڑے اودھ سولنکی نے کہا، "ہم بابا صاحب کے یوم پیدائش اور یوم وفات کے ساتھ ساتھ دلت کیلنڈر میں اہمیت کے حامل دیگر ایام پر اس طرح کی تقریبات کا انعقاد آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ سویم سینک دل کا قیام 2006 میں راجکوٹ میں 50 ہم خیال دلت سماجی کارکنوں کے ذریعہ عمل میں آیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق تنظیم سویم سینک دل (ایس ایس ڈی ) اجتماعی دیکشا تقریب کا بھی اہمتام کرے گی۔ پوربندر کے اشوکا بدھ وہار سے بدھ بھکشو پرگیہ رتن تقریب کی صدارت کریں گے اور ہزاروں شرکاء کو دیکشا دیں گے۔ ایس ایس ڈی کو توقع ہے کہ 2028 تک دلت برادریوں کے 1 کروڑ افراد بدھ مت قبول کر لیں گے۔
دی موک نائک کی رپورٹ کے مطابق ایس ایس ڈی منتظمین کے مطابق، تقریباً 15,000 لوگ پہلے ہی اپنے متعلقہ اضلاع میں کلکٹر کے دفاتر میں درخواستیں داخل کر چکے ہیں۔ پولیس کی تصدیق کا عمل اس وقت جاری ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ درخواست دہندگان بغیر کسی لالچ یا دھمکی کے رضاکارانہ تبدیلی مذہب کا انتخاب کر رہے ہیں۔